ناکام میزائل تجربے کے بعد شمالی کوریا کا ایک مرتبہ پھر امریکہ کو چیلنج

سیول ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا نے بین الاقوامی دباؤ کے باوجود ایک اور بلیسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جب کہ امریکہ کا دعویٰ ہے کہ میزائل تجربہ ناکام ہو گیا۔ غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق میزائل تجربہ دارالحکومت کے شمالی علاقے میں کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا نے صوبے پیونگن میں بلیسٹک میزائل کا تجربہ کیا تاہم یہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں کہ تجربہ کامیاب رہا یا ناکام جب کہ امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ ناکام ہو گیا۔درایں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میزائل تجربے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا ناکام میزائل تجربہ چین کی توہین کے مترادف ہے، پیانگ یانگ قیادت نے چینی صدر کی خواہش کا بھی احترام نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا خطہ میں مزید جنگی طیارے اور بحری بیڑے بھیج سکتا ہے۔امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے سلامتی کونسل سے شمالی کوریا کے خلاف سخت اقدامات کے ساتھ نئی معاشی اور فوجی پابندیاں لگانے کا مطالبہ کردیا۔

 

کرغزستان میں زمین کھسکنے سے
24 ہلاک
بشکک۔ 29  اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کرغزستان کے ایک موضع میں زمین کھسکنے سے 24 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔ وزارت ہنگامی خدمات نے بتایا کہ یہ زمین کھسکنے کا واقعہ اوش صوبہ کے کرکیو موضع میں پیش آیا۔ مرنے والے تمام کرغزستان کے باشندے ہیں۔ جملہ 266 بچاؤ کاری ورکرس کو ملبہ سے نعشیں نکالنے کے لئے مصروف کیا گیا۔ صدر عالم زبیک اغمووف نے اس واقعہ پر صدمہ کا اظہار کیا اور راحت کاری کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔