ناکارہ بورویلز کو 10 جولائی سے قبل بند کرنے کا حکم

بغیر اجازت بورویل کی کھدائی پر ایک لاکھ روپئے جرمانہ
حیدرآباد۔/28جون، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات جے کرشنا راؤ نے ناکارہ بورویلز کو 10جولائی سے قبل بند کردینے کی ہدایت دی بصورت دیگر اراضی کے مالکین کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے 50 ہزار روپئے تک جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا۔ بغیر اجازت بورویل کھودنے کی صورت میں ایک لاکھ روپئے تک جرمانہ وصول کرنے کا فیصلہ کیا۔ ریاستی وزیر جے کرشنا راؤ نے آج سکریٹریٹ میں محکمہ پنچایت راج اور محکمہ مال کے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کیا گیا۔ ناکارہ بورویلز میں چھوٹے بچے گر کر فوت ہوجانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کل سے دیہی علاقوں میں ناکارہ بورویلز کے گڑھوں کا سروے کرنے کی ولیج ریونیو آفیسرس ، سکریٹریز اور سرپنچس کو ذمہ داری سونپی۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں اجازت کے بغیر من مانی بورویلز کی کھدوائی، پانی برآمد نہ ہونے پر ان گڑھوں کو کھلا چھوڑ دینے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بورویلز کھودنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں صرف 350 بورویلز کھودنے کی منظوری حاصل کی گئی۔ جبکہ بورویلز کی کھدوائی کیلئے 15 دن قبل اجازت حاصل کرنے کا قانون موجود ہے اس کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بورویلز کھودنے والے اراضی مالکین کے خلاف ایک لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بورویلز کے ناکارہ ہونے پر اس کو ڈھکنے کی ساری ذمہ داری مالکین اراضی پرعائد ہوگی۔گڑھوں کو نہ ڈھکنے کی صورت میں مالکین اراضی کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے 50ہزار روپئے جرمانے عائد کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔