ناندیڑ میں 4یوم سے رم جھم بارش ، ذخیرہ آب میں اضافہ،کسانوں میں خوشی کی لہر

ناندیڑ۔یکم ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ناندیڑ ضلع میں گذشتہ 4یوم سے رم جھم بارش ہورہی ہے۔ ناندیڑ ضلع میں ہورہی رم جھم بارش کے بارے میں جب ایک کسان کو دریافت کیا گیا تو اُس نے کہا کہ مانسون کے آغاز کے 2ماہ بعد ہونے والی بارش سے صرف تُور اور کپاس کی فصل کو فائدہ پہنچے گا وہیں دیگر فصلیں مکمل تباہ ہوچکی ہیں۔مانسون کی ناکامی کے پیش نظر ناندیڑ ضلع میں کئی سیاسی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران نے ضلع کو قحط زدہ قرار دینے کا مطالبہ کررہے تھے۔ لیکن گذشتہ4یوم سے ہورہی بارش کے نتیجہ میں ناندیڑ ضلع میں قحط سالی کی صورتحال میں کسی حد تک بہتری آئیگی ۔آج شہر میںدوپہر سے ہی بارش کا سلسلہ دوبارہ جاری ہے۔ ناندیڑضلع و مواضعات میں رم جھم بارش ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہے۔ تین یوم سے ضلع میں بارش ہونے کے باعث جہاں کسانوں کے چہروں پر خوشی کی لہر سی دوڑ گئی ہیںوہیں پر شہریان ناندیڑ نے بھی اطمینان کی سانس لی ہے۔ناندیڑ شہر کے قدوائی نگر، کربلا، ہتائی، دولہے شاہ رحمن نگر ، سیلاب نگر، ملیان ، چوپالا ، بلال نگر، کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی کئی مکانوں میں داخل ہونے کی اطلاع موصول ہورہی ہے۔ وہیں شہر کے ہنگولی گیٹ انڈر بریج ، لال باڑی انڈر بریج ، ٹیپو سلطان پادان روڈ انڈر بریج میں بارش کا کافی پانی جمع ہوجانے کے باعث راہ گیروں کو آمدورفت کرنے میں کئی طرح کی دُشواریاں پیش آرہی ہے۔ وہیں شہر میں بارش کا پانی جابجا ٹھہر جانے کے باعث ٹرافک جام کا مسئلہ عوام کیلئے درد سر ثابت ہورہا ہے۔وشنو پوری ڈیم میں بھی کسی حد تک ذخیر ہ آب کی مقدار میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔