نامپلی اور حبیب نگر میں منشیات کے عادی افراد سے دہشت

عوام سے فون ، نقد رقومات چھین لینے اور پولیس پر حملوں کے واقعات

حیدرآباد 25 فروری (سیاست نیوز) علاقہ نامپلی اور ملے پلی کے بعض علاقوں میں سڑک چھاپ افراد کی جانب سے وائٹنرس کے استعمال کے نتیجہ میں عوام خوف و دہشت کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔ آئے دن نامپلی ریلوے اسٹیشن اور حبیب نگر کے بعض علاقوں میں وائٹنر استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے استعمال کے بعد وہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہورہے ہیں۔ پولیس ان مشتبہ افراد کی سرگرمیوں پر قابو پانے میں ناکام ہورہی ہے اور ایسے کئی واقعات سامنے آئے ہیں جس میں وائٹنر کا استعمال کرنے والے افراد نے پولیس پر بھی حملہ کیا ہے۔ گزشتہ تین مہینوں کے دوران نامپلی ریلوے اسٹیشن پر تین اور اطراف و اکناف علاقوں میں وائٹنرس نے ریل مسافرین کے موبائیل فون، نقد رقومات چھین لئے جبکہ وہ آپس میں جھگڑا کرتے ہیں۔ نامپلی ریلوے اسٹیشن کے اطراف کا علاقہ وائٹنر استعمال کرنے والے افراد کے اڈے میں تبدیل ہوچکا ہے اور اِن افراد کے آپسی جھگڑے نہ صرف اُن کیلئے بلکہ راہگیروں کیلئے بھی وبال جان بن رہے ہیں۔ گزشتہ تین دنوں میں نامپلی ریلوے اسٹیشن پر دو ایسے واقعات پیش آئے ہیں جس میں وائٹنر کا استعمال کرنے والوں نے پولیس عملہ کی موجودگی میں ہنگامہ آرائی کی اور وہاں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کردیا۔ اس سلسلہ میں پولیس نے ایک ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیجا تھا لیکن وائٹنر استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ نے مقامی تاجرین کو بھی پریشان کر رکھا ہے۔ حبیب نگر پولیس اسٹیشن حدود میں بھی بعض ایسے علاقے ہیں جہاں پر مذکورہ افراد کی غیرقانونی سرگرمیاں جاری ہیں خواتین اور راہگیروں پر بھی حملے کئے جارہے ہیں جس کی وجہ خواتین خود کو غیر محفوظ تصور کررہی ہیں۔ وائٹنر استعمال کرنے والے افراد کی سرگرمیاں صرف یہیں تک محدود نہیں ہیں بلکہ وہ اپنے ساتھ بلیڈ اور تیز دھاری چاقو رکھنے کے بھی مرتکب ہورہے ہیں۔