ناموس پر بھائیوں نے دو بہنوں اور ماں کو قتل کردیا

لاہور ، 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں عزت و ناموس پر قتل کے ایک اور معاملے میں دو بھائیوں نے سفاکانہ انداز میں اپنی ماں اور دو کم عمر سوتیلی بہنوں کو آج یہاں کلہاڑی سے قتل کردیا۔ سینئر پولیس آفیسر اعجاز شفیع نے کہا کہ دونوں بھائیوں جن کی شناخت شہزاد اور آصف کی حیثیت سے کی گئی، اپنے جرم کا اقبال کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنی ماں صغریٰ بی بی (50 سال)، سوتیلی بہنوں 17 سالہ آمنہ اور 19 سالہ مقدس کو اُن کے ’’ہلکے کردار‘‘ کی وجہ سے قتل کردیا ہے۔ پولیس عہدہ دار نے کہا کہ دونوں ملزمین نے ٹاؤن شپ کے رہائشی علاقہ میں اپنی ماں اور دونوں بہنوں کو کلہاڑی سے قتل کردینے کے بعد خود کو پولیس کے آگے سپرد کردیا۔ شفیع نے کہا کہ دونوں ملزمین کے خلاف اُن کے والد شہباز احمد کی شکایت پر قتل کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے۔ ملزمین کا الزام ہیکہ اُن کی دونوں بہنوں کی بستی کے دو لڑکوں سے ’’دوستی‘‘ تھی۔