نامزد ارکان کا ایوان میں رہنا ضروری : بی جے پی

سچن تنڈولکر اور ریکھا کی مسلسل غیرحاضری پر ایوان میں بحث
نئی دہلی ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اننت کمار نے آج کہا کہ ایوان میں کوئی بڑی مقبول شخصیت یا غیرمقبول شخصیت کا معاملہ نہیں ہوتا ہے بلکہ ہر رکن کو عوامی بہبود کے حق میں ہونے والے مباحث میں حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے راجیہ سبھا میں سچن تنڈولکر اور ریکھا جیسے ارکان پارلیمنٹ کے غیرحاضر ہونے پر اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیا۔ اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے اداکارہ سے سیاستداں بننے والی بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیمامالینی نے تجویز رکھی کہ ان دونوں ارکان پارلیمنٹ کو پارلیمنٹرین کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے۔ انہیں پورے خلوص دل سے ایوان میں موجود رہنا چاہئے۔ وہ بحیثیت پارلیمنٹرین نیم دلانا رویہ اختیار نہیں کرسکتے۔ اننت کمار اور ہیمامالینی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ہریش اگروال نے کرکٹر سچن تنڈولکر اور بالی ووڈ اداکارہ ریکھا کے بارے میں سوال اٹھایا کیونکہ یہ دونوں ایوان بالا سے مسلسل غیرحاضر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی حیرت ظاہر کی کہ آیا انہیں استعفیٰ دیناچاہئے۔ پارلیمنٹ ہی ایک ایسا مقام ہے جہاں پر عوام کی بہبود کیلئے غوروخوض کیا جاتا ہے۔ ہم تمام عوام کے خدمتگار ہیں اس میں کسی مقبول شخصیت یا غیرمقبول شخصیت کا سوال نہیں پیدا ہوتا۔ پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اننت کمار نے بتایا کہ ہر ایک کو پارلیمنٹ کی کارروائی میں حصہ لینا چاہئے۔ کانگریس لیڈر راجیو شکلا نے کہا کہ سچن تنڈولکر  اور ریکھا کی حاضری بہت کم ہے۔ اس مسئلہ کو اس لئے اٹھایا گیا کیونکہ یہ لوگ مقبول شخصیتیں ہیں۔ ان سے ہٹ کر دیگر کئی ارکان بھی ہیں جو ایوان میں حاضر نہیں رہتے لیکن ان کی غیرحاضری کامسئلہ نہیں اٹھایا جاتا اس کی وجہ یہ ہیکہ یہ لوگ مقبول شخصیت نہیں ہوتے۔ ریکھا اور سچن تنڈولکر عوامی شخصیت ہونے کی وجہ سے مسئلہ اٹھایا جارہا ہے۔