ناقص تغذیہ و ملاوٹی خوردنی تیلوں سے عوام کی صحت کو خطرات

فوڈ سیفٹی ویجلنس کو کارکرد بنانے حکومت سے اسٹیٹ کنزیومر کوآرڈینیشن کونسل کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز): اسٹیٹ کنزیومر کوآرڈینیشن کونسل تلنگانہ نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست میں تغذیہ بالخصوص خوردنی تیل میں ملاوٹ کے علاوہ مضر رساں غیر معیاری اور ناقص خوردنی تیل سرٹیفیکیشن لائسنس کے بغیر تیار کرتے ہوئے کم دام اور مختلف آفرس کا پیشکش کر کے عوام کو دھوکہ دینے والی کمپنیوں کی نشاندہی کر کے ان کمپنیوں کے خلاف فوڈ سیفٹی اسٹانڈرڈ ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کے ساتھ ان کو مہر بند کرے تاکہ عوام کو محفوظ رکھا جاسکے ۔ یہ بات آج یہاں صدر اسٹیٹ کنزیومر کوآرڈینیشن کونسل تلنگانہ مسٹر سامبا راجو چکرا پانی ، نائب صدر مسٹر کے جگدیشور ، لیگل سیل شریمتی آر راجانی ایڈوکیٹ نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے بشمول ریاست تلنگانہ کے تمام 10 اضلاع میں ملاوٹ شدہ خوردنی تیل کی تیاری اور فروخت عام ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں ریاست میں 80 فیصد عوام کی صحت بری طرح سے متاثر ہورہی ہے اور عوام مختلف مہلک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ناقص تغذیہ بالخصوص خوردنی تیل میں ملاوٹ اور غیر معیاری تیل کی تیاری اور فروخت ہونے کی اہم وجہ فوڈ سیفٹی آفیسرس کی قلت اور محکمہ فوڈ سیفٹی ویجلنس کی نا اہلی اور عدم توجہی ہے جس کے نتیجہ میں تغذیہ تیار کرنے والی کمپنیاں من مانی کررہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں جملہ صرف 12 فوڈ سیفٹی آفیسرس ہی برسر خدمت ہیں جب کہ کم از کم ہر ضلع میں 3 تا 6 فوڈ سیفٹی آفیسرس ہونے چاہئے ۔ اسی طرح سے ریاست میں کنزیومر فورم برائے نام ہے جہاں پر نہ تو جج ہے اور نہ ہی اراکین ہیں ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ریاست بھر میں فوڈ سیفٹی آفیسرس کے تقررات عمل میں لانے کے علاوہ کنزیومر فورم کو کارکرد بناتے ہوئے فورم کے جج کا تقرر عمل میں لائے تاکہ ناقص اور غیر معیاری اشیاء کی جانچ کو یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر کونسل قائدین مسرز ایس سندیپ ، سدھاکر ، کے جگدیشور بھی موجود تھے ۔۔