ناظرین سے مجھے کوئی پریشانی نہیں:اسمتھ

ساؤتھمپٹن۔26مئی (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہفتہ کو کھیلے گئے ورلڈ کپ کے پریکٹس میچ کے دوران آسٹریلیا کے بلے باز اسٹیون اسمتھ نے شائقین کے ان کے خلاف ردعمل پر کہا کہ وہ ناظرین کی ہوٹنگ سے پریشان نہیں ہوتے ہیں۔میچ کے دوران اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو ناظرین نے کافی سخت رد عمل دکھایا تھا۔ جب دونوں بلے باز بلے بازی کرنے میدان میں اترے اور آؤٹ ہونے کے بعد پویلین کی طرف جا رہے تھے تبھی ناظرین نے انہیں دیکھ کر کافی شوروغل مچایا۔ اسمتھ کی نصف سنچری اور سنچری پر پہنچنے کے باوجود ناظرین نے ان ھوٹنگ کی۔ اسمتھ اور وارنر بال ٹیمپرنگ کرنے کے سبب ایک سال پابندی کاٹنے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ آسٹریلیا نے انگلینڈ سے یہ پریکٹس میچ 12 رنز سے جیت لیا۔میچ کے بعد اسمتھ نے کہاکہ جب میں بلے بازی کے لئے جا رہا تھا تو میں نے کچھ آوازیں سنی تھیں لیکن میں نے اسے اپنے اوپر نہیں لیا۔ میں صرف اپنی بلے بازی پر توجہ دے رہا تھا اور میں نے میچ میں اپنی ٹیم کے لئے رن بھی بنائے ۔ سب سے اہم رہا کہ میں نے ورلڈ کپ کے مقابلے سے پہلے کریز پر اچھا وقت گزارا۔انہوں نے کہاکہ ناظرین کی ہوٹنگ سے مجھے پریشانی نہیں ہوتی ہے ۔ میں صرف اپنا کام کر رہا ہوں اور مجھے پتہ ہے کہ مجھے پویلین میں بیٹھے اپنے ٹیم کے اراکین کا بھرپور ساتھ مل رہا ہے جو میرے لئے بہت اہم ہے ۔ اگر میں اپنی ٹیم کے ساتھی اور آسٹریلیا کے لوگوں کو فخر محسوس کرا سکتا ہوں تو یہ میرے لئے زیادہ ضروری ہے کیونکہ یہی میرا کام ہے ۔آسٹریلوی بلے باز نے کہاکہ میں اس پر توجہ نہیں دیتا۔ جب میں میدان میں کھیلنے جا رہا تھا، تو میں نے شائقین پر توجہ نہیں دی اور اپنے کھیل پر توجہ دی۔