ناروے میں ہیلی کاپٹر حادثہ ، 13 ہلاک

برگن شہر ۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ناروے کے برگن شہر کے قریب ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے ۔برگن کے مغرب میں حادثے کا شکار ہونے والے اس ہیلی کاپٹر میں ناروے کے 11 شہری، ایک برطانوی اور اطالوی شہری سوار تھا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوری بعد امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا تھا اور اب تک 11 لاشیں ملی چکی ہیں جبکہ لاپتہ دیگر دو کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی حادثے میں ہلاک ہو گئے۔حادثے کے بعد ناروے کے شہری ہوا بازی کے ادارے نے حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ماڈل کے دوسرے ہیلی کاپٹروں کی پرواز پر پابندی عائد کر دی ہے۔حادثے کے بعد سپر پوما ہیلی کاپٹروں کا استعمال روک دیا گیا ہے ۔ ہیلی کاپٹر یورکاپٹر ای سی سپر پوما ہے۔ اطلاعات کے مطابق حادثے میں ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کی سروس گذشتہ برس دو بار ملتوی کی گئی۔ہیلی کاپٹر گلفیکس میں واقع تیل کی تنصیبات سے برگن جا رہا تھا۔ تیل کی کمپنی اسٹٹ آئیل کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد ان کے ملازم تھے۔واقعہ کے بعد اسٹٹ آئیل اور برطانوی کمپنی بی پی نے سپر پوما ہیلی کاپٹروں کا استعمال روک دیا ہے۔