نارائینا جونیر کالج ہاسٹل میں طلباء کی توڑ پھوڑ، اسٹاف کو کمرہ میں مقفل کردیا

حیدرآباد 28جون (یواین آئی )بیماری پر رخصت کی درخواست منظور نہ کرنے ،غیر معیاری غذا کی فراہمی پر شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ نظام پیٹ میں واقع نارائنا جونیر کالج کے ہاسٹل کے انٹر سال دوم طلبہ نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ہاسٹل میں فرنیچر،بجلی کے آلات،اوور ہیڈ ٹینکس کو نقصان پہنچایا ،ان برہم طلبہ نے اسٹاف کو ایک کمرے میں مقفل کردیا ۔ان طلبہ کا کہنا ہے کہ ا ن کی بیماری کی رخصت کی درخواست بھی قبول نہیں کی جارہی ہے اور انہیں غیر معیاری غذافراہم کی جارہی ہے اور جب ان کے والدین ان سے ملنے کے لئے ہاسٹل آتے ہیں تو ان کی بے عزتی کی جاتی ہے ۔طلبہ نے اصل گیٹ کو بھی مقفل کردیا اور ہاسٹل کی عمارت میں داخل ہونے سے پولیس کو روکنے کے لئے سنگباری بھی کی۔عینی شاہد دیگر طلبہ نے کہاکہ سال دوم کے تقریبا 450طلبہ نے یہ اقدام کیا ،انہوں نے سارا سامان بھی بکھیر دیا ۔بعد ازاں پولیس وہاں پہنچی اورتمام تفصیلات حاصل کیں۔اس سلسلے میں پولیس نے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی ہے ۔