نارائن پیٹ تاریکی میں غرق

نارائن پیٹ /27 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ مجلس بلدیہ سے محکمہ برقی کو 2 کروڑ روپئے وصول طلب ہیں ۔ گذشتہ کئی ماہ سے محکمہ برقی نے برقی بقایا جات کی ادائیگی کیلئے توجیہ دلاتی رہی تاہم کوئی شنوائی نہ ہونے پر پانچ دن سے دفتر بلدیہ کو برقی سربراہی مسدود کردی گئی ہے ۔ اس کے باوجود بقایا جات کی عدم ادائیگی پر محکمہ برقی نے کل رات سے نارائن پیٹ ٹاون میں اسٹریٹ لائیٹس کیلئے بھی برقی سربراہی مسدود کردی ہے جس کے سبب نارائن پیٹ ٹاون تاریکی میں غرق ہوگیا ہے

اور لوگوں کو رات کے اوقات میں سڑکوں اور گلیوں سے گذرنا دشوار ہوگیا ہے ۔ آئے دن چوری کے واقعات میں اضافہ سے عوام پہلے ہی پریشان حالی کا شکار ہیں ۔ ایسے میں اسٹریٹ لائیٹ سے روشنی غائب ہونے سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں محکمہ برقی و محکمہ بلدیہ کے ارباب مجاز سے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور اس مسئلہ کی باہمی مفاہمت کے ذریعہ یکسوئی عمل میں لاتے ہوئے اسٹریٹ لائیٹس کو برقی سربراہی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر شدید عوامی احتجاج کا اندیشہ ہے ۔