نارائن سائی کی عصمت ریزی کی متاثرہ خاتون کو راحت

نئی دہلی ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ نے آج گجرات پولیس کو ہدایت دی کہ وہ مزید احکامات تک نارائن سائی کی عصمت ریزی کی متاثرہ خاتون کو ’’دھمکانے کا کوئی اقدام‘‘ نہ کرے۔ عدالت نے نارائن سائی کو عصمت ریزی مقدمہ کے سلسلہ میں حاضر عدالت ہونے کیلئے نوٹس روانہ کردی ہے۔ سورت پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جسٹس پردیپ نندراجوگ نے وضاحت طلب کی کہ مطلوبہ لڑکی کو ان کے اجلاس پر لڑکی کا بیان درج کرنے کیلئے کیوں نہیں پیش کیا گیا۔ اس لڑکی نے نارائن سائی پر الزام عائد کیا کہ اس نے اس کی عصمت ریزی کی تھی۔ گجرات پولیس سے 8 جنوری تک جواب طلب کیا گیا ہے۔ تحت کی عدالت میں 24 ڈسمبر کو درخواست مسترد کئے جانے کے خلاف متاثرہ خاتون نے دہلی ہائیکورٹ میں اپیل کی تھی۔

غنڈہ گردی کے خلاف کارروائی کی گئی ہے : اکھیلیش
لکھنؤ ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھیلیش یادو نے آج ایس پی لیڈر رام گوپال یادو کے ایک ریمارک پر تنقید کی جہاں انہوں نے کہا تھا کہ ریاستی حکومت کو غنڈہ گردی پر نظر رکھنی چاہئے۔ اکھیلیش نے کہا کہ رام گوپال یادو نے جو کچھ بھی معلومات فراہم کی ہے اس کے مطابق کارروائی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علم میں جو بھی واقعات لائے گئے، ہم نے ان پر مناسب کارروائی کی ہے۔ لاء اینڈ آرڈر ایک بڑا معاملہ ہے۔ اگر کوئی بھی واقعہ رونما ہوتا ہے تو عوامی نمائندوں کو اس کے بارے میں پوری خبر ہوتی ہے لہٰذا انہیں ہدایت کی جاتی ہیکہ جو کچھ انہیں معلوم ہے اسے حکومت کے علم میں لانے ذرہ برابر تاخیر نہ کریں۔