نارائنا اور چیتنیہ کالجس کے خلاف 50 لاکھ کا جرمانہ

طلباء کی خودکشی پر اظہار تشویش ، والدین کو پریشان نہ ہونے کا مشورہ : چندرا بابو
حیدرآباد /29 نومبر ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی خودکشی واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے والدین کو رینک کیلئے دوڑ دھوپ نہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر نارائنا اور چیتنیہ کالجس کے خلاف 50 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ اسمبلی میں آج طلبہ کی خودکشیوں پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ جن تعلیمی اداروں کے رینکس اچھے آرہے ہیں ان تعلیمی اداروں میں اپنے بچوں کا داخلہ کرانے کیلئے والدین دوڑ دھوپ کر رہے ہیں ۔ بچوں کا بچپن چھین لیتے ہوئے انہیں دو بھرتصور کر رہے ہیں ۔ ذہنی تناؤ کے باعث بچوں کی صحیح طرح سے نشونما نہیں پارہی ہے ۔ چیف منسٹر نے اپنے بچوں کو اشیاء کے بجائے انسان تصور کرنے کا والدین کو مشورہ دیا ۔ ساتھ ہی تعلیمی اداروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی شہرت کیلئے طلبہ پر ہرگز دباؤ نہ بنائیں اور نہ ہی رینکس کیلئے طلباء کی زندگیوں سے کھلواڑ کریں ۔ وہ اسمبلی سے تعلیمی اداروں کو انتباہ دیتے ہیں ۔ اپنے رویہ میں تبدیلی لائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ وزیر تعلیم جی سرینواس راؤ نے کہا کہ تعلیمی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی ادارے نارائنا اور چیتنیہ کے خلاف 50 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ خانگی تعلیمی اداروں میں خودکشی کے واقعات کے انسداد کیلئے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کسی بھی طرح سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔