نائجیریا میں مسلم ۔ عیسائی تشدد ، 13 ہلاک

لاگوس۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وسطی نائجیریا میں مسلم اور عیسائی نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں میں کم سے کم 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے کہا کہ ریاست کڈانا میں کسووائی مگانی علاقہ میں پیر کو جھڑپیں شروع ہوئی تھیں۔ کڈونا کے ریاستی پولیس کمشنر آسٹن آئیوار نے کہا کہ ’’اس ہنگامہ آرائی میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ گھروں اور دوکانات کو نذرآتش کردیا گیا‘‘۔ مقامی اطلاعات میں مہلوکین کی زائد تعداد بتائی گئی ہے۔ آئیوار نے کہا کہ 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تشدد کے خاتمہ کیلئے پولیس اور فوجی سپاہیوں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اب امن ہے۔ میں گزشتہ روز اس گاؤں میں تھا۔ مقامی برادریوں کے روایتی قائدین سے بات چیت کی اور متحارب نوجوانوں کو اپنے ہتھیار رکھ دینے کی اپیل کیلئے ترغیب دی گئی‘‘۔ پرتشدد واقعات کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ آسٹن آئیوار نے کہا کہ ’’اس گڑبڑ اور تشدد کے اسباب کے بارے میں ہم فوری طور پر کوئی نتیجہ اخذ کرلینا نہیں چاہتے۔ یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ بعض عیسائی لڑکے اپنی برادری کی لڑکیوں کی مسلم لڑکوں سے دوستی پر خوش نہیں تھے۔ وسطی نائجیریا ایک ایسا علاقہ ہے جہاں شمال میں اکثریتی مسلمان اور جنوب میں اکثریتی عیسائی ایک ساتھ رہتے ہیں۔

بیرون ملک غیرقانونی روانگی کی کوشش میں 4 گرفتار
کٹھمنڈو۔ 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چار ہندوستانی شہری بشمول تین خواتین کو آج نیپال میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ وہ غیرقانونی طور پر ہانگ کانگ جانے کی کوشش کررہے تھے۔