نئے ہندوستان کی تعمیر کیلئے بدعنوانی کا مکمل خاتمہ پہلی شرط :کووند

نئی دہلی۔31اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر رام ناتھ کووند نے بدعنوانی سے پاک نیا ہندوستان کی تعمیر کی سمت میں مسلسل کوشاں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے آج کہا کہ نیا ہندوستان کی تعمیر کے لئے بدعنوانی کا مکمل خاتمہ ضروری ہے ۔مسٹر کووند نے ویجی لینس بیداری ہفتہ کے دوران مرکزی ویجلنس کمیشن کی طرف سے یہاں وگیان بھون میں منعقدہ ایک پروگرام میں کہا ” نیا ہندوستان کی تعمیر کے لئے بدعنوانی کا مکمل خاتمہ پہلی شرط ہے ۔
بدعنوانی اس دیمک کی طرح ہے جو اقتصادی نظام کو کھوکھلا کرتی ہے ، سماجی اور اخلاقی اقدار پر بھی برا اثر ہوتا ہے ”۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ، سب کو ایک ساتھ لڑائی لڑنی پڑے گی ۔
صدر نے کہا کہ سماجی زندگی میں سالمیت، وقار اور احتساب بڑھانے کے لئے ہر طبقے کی شراکت ضروری ہے ۔ انہوں نے مختلف سرکاری اداروں، ایجنسیوں اور کمپنیوں کے اعلی افسران کو مشورہ دیا کہ اپنے طرز عمل کے ذریعے بہترین مثال پیش کریں۔ مسٹر کووند نے کہا”جس طرح صحت میں ‘بچاؤ’ علاج سے بہتر کا فارمولہ ہے ، اسی طرح ویجی لینس کے میدان میں ‘احتیاطی ویجی لینس، تعزیری ویجی لینس سے بہتر’ کا فارمولہ اپنایا جا سکتا ہے ”۔انہوں نے بدعنوانی کو ختم کرنے میں ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ کے استعمال کا مشورہ دیا اور اس سمت میں براہ راست فائدہ منتقلی، جی ایس ٹی، جن دھن کھاتے کے ذریعے مالیاتی شمولیت جیسے حکومت کے مختلف اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کالا دھن ، بینامی اثاثوں اور بھگوڑا معاشی مجرموں کے سلسلے میں قوانین بناکر بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے کوششیں کی گئی ہیں ۔یہ اقدامات ایماندار ٹیکس دہندگان کے ذہن میں نظام کے تئیں اعتماد قائم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں”۔