نئے وزیر خارجہ جئے شنکر کو چینی ہم منصب کی مبارکباد

بیجنگ ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) چینی وزیر خارجہ اور اسٹیٹ کونسلر وام ای نے ایس جئے شنکر کو اُن کے بحیثیت ہندوستانی وزیر خارجہ تقرر پر مبارکباد دی اور باہمی تعلقات کے فروغ میں اُن کی مثبت خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ہند ۔ چین تعلقات میں ایک نئی پیشرفت کے حصول کے لئے اُن کے ساتھ کام کرنے اپنی آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ ایس جئے شنکر ہندوستانی معتمد خارجہ کی حیثیت سے 16 ماہ قبل وظیفہ پر سبکدوش ہوئے تھے جس کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے اُنھیں ایک حیرت انگیز قدم اُٹھاتے ہوئے وزیر خارجہ مقرر کیا ہے۔ جس سے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی میں حکمت عملی کے اُمور کو دی جانے والی غیرمعمولی ترجیح کا اظہار ہوتا ہے۔ چینی وزارت خارجہ نے اپنے اعلامیہ میں جمعہ کی شب کہا تھا کہ ’’ہم مسٹر جئے شنکر کو ہندوستان کے وزیر خارجہ کی حیثیت سے تقرر پر مبارکباد دیتے ہیں‘‘۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ وانگ نے شنکر کو پیغام مبارکباد روانہ کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی معتمد خارجہ اور ہندوستانی سفیر برائے چین کی حیثیت سے جئے شنکر نے ہند ۔ چین تعلقات کے فروغ میں مثبت خدمات انجام دیئے ہیں۔