نئے نیوکلیئر تجربہ کا امکان برقرار: شمالی کوریا

سیول۔ 30؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ شمالی کوریا نے آج کہا کہ وہ نئے نیوکلیئر تجربہ کے امکان کو مسترد نہیں کرے گا۔ اس نے اپنے حالیہ وسط مسافتی میزائل کی پرواز کا دفاع بھی کیا جس کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئی ہے۔ شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارہ کی جانب سے شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کا ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نئے نیوکلیئر تجربہ کے امکانات کو مسترد نہیں کرے گا، کیونکہ ان تجربوں کا مقصد شمالی کوریا کی نیوکلیئر دھاک کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

شمالی کوریا نے حال ہی میں وسط مسافتی میزائل تجربہ کیا تھا اور اس کے بعد سلسلہ وار راکٹ تجربے اور مختصر مسافتی میزائل تجربے بھی حالیہ ہفتوں میں کئے گئے ہیں جن کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی مذمت کی ہے۔ شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی تنقید کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور اپنے تجربے کو خود حفاظتی کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کا دفاع کیا۔ اس نے جنوبی کوریا۔ امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں کے خلاف احتجاج بھی کیا جو جنوبی کوریا میں اب بھی جاری ہیں۔ شمالی کوریا باقاعدہ طور پر اپنے خود حفاظتی اقدامات کے تجربات ہر سال کیا کرتا ہے۔ جنوبی کوریا اور امریکہ دونوں قریبی حلیف ہیں اور دونوں بھی ہر سال مشترکہ فوجی مشقیں باقاعدہ طور پر کیا کرتے ہیں۔