نئے سال کے موقع پر شمس آباد پولیس کے خصوصی انتظامات

شمس آباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد آر جی آئی پولیس نے نئے سال کے موقع پر سخت انتظامات کررہی ہے ۔ گذشتہ دو دنوں سے ہر مقام پر گاڑیوں کی تلاشی مہم کرتے ہوئے مشتبہ افراد اور سنسان علاقوں میں گھومنے والوں پر خاص نگاہ رکھی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ آج شام پدا کالونی کے علاقہ میں جہاں ٹوٹے ہوئے مکانات اور راجیو گروہا کلپا کی تعمیر شدہ عمارتوں جہاں کوئی بسیرا نہیں ان تمام مکانات میں تلاشی لی گئی ۔ شمس آباد آر جی آئی انسپکٹر ٹی سدھاکر نے بتایا کہ آج صبح شمس آباد میں واقع پندرہ لاجس میں بھی تلاشی لی گئی ہے ۔ اور روزانہ راتوں میں دو انسپکٹرس ، چار سب انسپکٹرس ، ہیڈکانسٹبلس اور کانسٹبلس کے ہمراہ رات کو گشت کیا جارہا ہے ۔ آج رات اور 31 دسمبر کو شمس آباد کے سبھی اہم مقامات پر شام کے وقت گاڑیوں کی تلاشی مہم رکھتے ہوئے شراب پی کر گاڑی چلانے والوں اور تیز رفتار گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ نئے سال کی آمد کی خوشی کے موقع پر عوام شراب نوشی کرتے ہوئے سڑکوں پر گھومنے اور شور شرابا کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ ہری پرساد ریڈی اور مرلی کمار سب انسپکٹران نے پداکالونی اور راجیو گروہا کلپا کی عمارتوں میں تلاشی لی اور دیگر سب انسپکٹران کے وہیکل چیکنگ کیے ۔ ہر سال نئے سال کی خوشیاں مناتے ہوئے نوجوان بائیکوں اور کار میں ریس لگاتے ہوئے اپنی قیمتی جانیں گنوا دیتے ہیں ان تمام واقعات کو روکنے کے لیے پولیس نے سخت انتظامات کررہی ہے ۔۔