نئے او آئی سی سربراہ امین مدنی نے جائزہ حاصل کرلیا

جدہ ، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نئے سکریٹری جنرل ایاد امین مدنی نے اپنی ذمہ داریاں لیں، انہوں نے اس موقع پر ادارے پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی ممالک کو درپیش چلینجز جن میں میانمار، افغانستان، کشمیر اور دیگر ممالک کے مسائل،امت مسلمہ کی خدمت کی مہم جاری رکھنے اور درپیش مسائل رکن ممالک کے تعاون سے حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا، سفیر پاکستان محمد نعیم خان، قونصل جنرل آفتاب کھوکھر نے حکومت پاکستان کی جانب سے نئی ذمہ داری سنبھالنے پر سکریٹری جنرل ایاد امین مدنی کو مبارکباد دی اور بھر پور تعاون دلا یا ہے۔ دریں اثناء سکریٹری جنرل او آئی سی نے اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پہلی ملاقات سعودی نائب وزیر خارجہ شہزادہ عبد العزیز بن عبد اللہ سے ملاقات کی عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خادم الحرمین شریفین شاہ عبد اللہ کی جانب سے اپنی نامزدگی کو ایک اعلیٰ اعزاز قرار دیتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ٹھوس انداز میں ادا کرنے کا عزم دہرایا۔

عمان کی تیل برآمدات برائے ہند میں ریکارڈ اضافہ
دبئی ، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عمان کی ہندوستانی منڈیوں کیلئے تیل برآمدات میں نومبر 2013 کے ختم تک 177.2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابل شمار کیا گیا۔ نیشنل سنٹر فار اسٹاٹسٹکس اینڈ انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق ملک میں تیل کی پیداوار اس سال 2.5 فیصد بڑھی ہے۔