نئے اضلاع پر کے سی آر کا ٹی آر ایس قائدین سے آج اور کل تبادلہ خیال

حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( این ایس ایس) : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اضلاع تلنگانہ کی حد بندی اور نئے اضلاع کی تشکیل کے ضمن میں اتوار اور پیر کو 11-30 بجے دن اپنے کیمپ آفس پر مقامی و فیلڈ سطح کے ٹی آر ایس قائدین اور دیگر عوامی نمائندوں کے ساتھ کلیدی اجلاس منعقد کریں گے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ اضلاع ریونیو ڈیویژنس اور منڈلوں کی حد بندی پر مقامی ٹی آر ایس قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال اور ان کی تجاویز کی بنیاد پر ہی کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کے سی آر اتوار کو میدک ، نظام آباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر اور نلگنڈہ کے قائدین سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ اضلاع حیدرآباد ، ورنگل ، عادل آباد ، کھمم اور کریم نگر کے ٹی ار ایس قائدین سے پیر کو تبادلہ خیال ہوگا ۔ ان دونوں اجلاسوں میں متعلقہ اضلاع کے وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل ، صدور نشین ضلع پریشد ، نائب صدور نشین ، ضلعی امداد باہمی اداروں کے صدور ، ضلعی ٹی آر ایس صدر کو حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔۔