نئے آئی ایس آئی سربراہ کی نواز شریف سے ملاقات

اسلام آباد ، 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نئے آئی ایس آئی سربراہ لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر نے آج وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور اس طاقتور جاسوس ایجنسی کا گزشتہ ہفتے جائزہ لینے کے بعد اپنی پہلی سرکاری میٹنگ میں بڑے سکیورٹی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس اجلاس میں لیفٹننٹ جنرل اختر جو پاکستان کے فوجی سربراہ کے قریبی بااعتماد شخص ہیں، انھوں نے گڑبڑ زدہ شمالی وزیرستان کی صورتحال پر بات کی اور آئی ایس آئی کے ممکنہ رول پر تبادلہ خیال کیا جو مخدوش پاک۔ افغان سرحد کے پاس سرحد پار دہشت گردانہ دراندازی کے خاتمہ کیلئے ادا کیا جاسکتا ہے۔ ڈان نے اطلاع دی کہ انھوں نے ملک میں لا اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے میں آئی ایس آئی کے رول پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ لیفٹننٹ جنرل اختر نے 7 نومبر کو انٹر سرویسز انٹلیجنس کی ذمہ داری سنبھالی جبکہ اُن کے پیشرو لیفٹننٹ جنرل ظہیر الاسلام سبکدوش ہوئے۔