نئی قیادت کو موقع دینے وزیراعظم کو شتروگھن سنہا کا مکتوب

پٹنہ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی سے اچانک اخراج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شتروگھن سنہا نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر سخت لب و لہجہ میں تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ایک نئی اور بہتر قیادت اقتدار پر آئے۔ پٹنہ صاحب کے رکن پارلیمنٹ جو توقع ہے کہ اپنے آئندہ سیاسی عزائم کا جلد ہی اعلان کریں گے، پیش قیاسی کی گئی ہے کہ وہ آئندہ ہفتہ اپوزیشن کے مہا گٹھ بندھن میں شامل ہوجائیں گے۔ ٹوئٹر پر اُن کے بیانات میں مسلسل کہا جارہا ہے کہ وزیراعظم مودی نے اپنی پانچ سالہ میعاد میں کسی پریس کانفرنس سے خطاب نہیں کیا اور اُن پر زور دیا کہ اپنے خول سے باہر نکلیں۔ اب جبکہ تواریخ کا اعلان کیا جاچکا ہے، اب تو کم سے کم ایک پریس کانفرنس کردیجئے، ایک آزادانہ اور منصفانہ اجلاس منعقد کیجئے جس کا منظر نامہ پہلے ہی سے لکھا ہوا نہ ہو۔