نئی حکومت سے زیرالتواء مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کی اپیل

نئی دہلی ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ شعبان کے مہینہ کو عبادت، تلاوت اور رمضان کی تیاریوں میں صرف کریں۔ صحابہ کرام کا معمول تھا کہ اس مہینہ میں تلاوت، زکوٰۃ، خیرات ادا کردیتے تھے تاکہ رمضان کے لئے غریبوں کو مدد ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ شب برأت جمعہ 13 جون کو ہوگی۔ شاہی امام نے کہا کہ ہندوستان میں مرکزی حکومت کا قیام عمل میں آیا ہے ہم اس پر حکومت کو اور وزیراعظم کو نیک خواہشات پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو انصاف اور ہمدردی ملے گی۔ سچر کمیٹی اور رنگناتھ مشرا کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد ہوگا اور بم دھماکوں کے سلسلہ میں غیرجانبدارانہ آزاد تحقیقات کراتے ہوئے اصل قصور واروں کا پتہ لگایا جائے گا اور جو نوجوان بے قصور جیلوں میں ہیں انہیں رہا کیا جائے گا۔ شاہی امام نے کہا کہ مسلمانوں نے آزادی میں اور اس کے بعد بھی ہندوستان کی خوشحالی اور ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ان کو ہندوستانی شہری ہونے کے ناطے انصاف ملنا چاہئے یہ ان کا آئینی حق ہے۔ شاہی امام نے کہا کہ حلف برداری تقریب میں سارک ممالک کے لیڈروں کو دعوت دی گئی اور خوشگوار حالات میں مذاکرات ہوئے۔ یہ خوشی کی بات ہے اور اس کے مفید اثرات مرتب ہوں گے۔ کہتے ہیں کہ انجام اچھا تو سب اچھا لیکن یہاں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ آغاز اچھا تو سب اچھا۔

مودی کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی
فہرست تیار ہورہی ہے : مانجھی
پٹنہ ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ بہار جتن رام مانجھی نے اپنے ماتحتوں کو ہدایت کی ہیکہ وہ ریاست کو درکار ضرورتوں کے مطالبات کی ایک فہرست تیار کریں تاکہ وہ (مانجھی) اس فہرست کو وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے کریں جو انہوں نے انتخابات سے قبل وعدے کئے تھے اس کی تکمیل کا اب وقت آ گیا ہے۔ گیا میں کل ایک تقریب کے دوران مانجھی نے کہا کہ مطالبات کی فہرست مکمل ہونے کے بعد وہ وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کا وقت طئے کریں گے اور مطالبات کی فہرست ان کے حوالے کردیں گے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نریندر مودی کو ان کا کیا ہوا ہر وعدہ یاد دلائیں گے جن میں ریاست بہار کو خصوصی درجہ دیئے جانے کا وعدہ بھی شامل ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ مانجھی نے ریاست بہار کو خصوصی درجہ دیئے جانے کی بات مودی سے اس وقت ہی کہہ دی تھی جب ان کے (مانجھی) ریاست بہار کے وزیراعلیٰ بننے پر مودی نے انہیں فون کرکے مبارکباد دی تھی۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ نتیش کمار کو بھی مودی سے یہ توقعات وابستہ ہیں کہ موصوف بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ ضرور دیں گے لہٰذا اس طرح سابق اور موجودہ وزیراعلیٰ دونوں کی توقعات یکساں ہیں۔