می سیوا کے ذریعہ رجسٹریشن خدمات کے فیصلہ کے خلاف احتجاج

نارائن پیٹ۔/28ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رجسٹریشن خدمات کو می سیوا کے ذریعہ انجام دیئے جانے کے فیصلہ کے خلاف نارائن پیٹ میں دستاویزات تحریر کرنے والے، اسٹامپ وینڈرس اور ٹاؤن پلانرس نے بطور احتجاج نارائن پیٹ سب رجسٹرار آفس کے روبرو علامتی بھوک ہڑتال منظم کی۔ بعد ازاں سب رجسٹرار مسٹر مدھو سدھن کو ایک محضر پیش کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ برسوں سے کئی ایک بیروزگار نوجوان دستاویزات تحریر کرتے ہوئے اور اسٹامپس فروخت کرتے ہوئے زندگی گذاررہے ہیں اور اب اچانک ریاستی حکومت کی جانب سے ان خدمات کو می سیوا کے ذریعہ انجام دیئے جانے کے فیصلہ سے ریاست بھر میں ہزاروں افراد بیروزگاری کا شکار ہوجائیں گے۔ محضر میں مطالبہ کیا گیا کہ ریاستی حکومت فی الفور اس فیصلہ سے دستبردار ہوجائے بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔ ان کے اس احتجاج کو مختلف سیاسی قائدین اور رجسٹریشن آفس کے عملے نے بھی اپنی تائید پیش کی۔ اس احتجاج میں مہیش گوڑ، معین الدین، شبیر احمد، اقبال احمد تاج، کرشنا، کروار، سواروپا، وینکٹ راملو و دیگر شریک تھے۔