میں کم جونگ سے غیرمشروط ملاقات کروں گا : شینزوابے

ٹوکیو ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم جاپان شینزوابے نے شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان سے غیرمشروط طور پر ملاقات کرنے کی پیشکش کی ہے تاکہ ایک دوسرے کے تاریخی دشمن سمجھے جانے والے دونوں ممالک کے درمیان جذبہ خیرسگالی کو فروغ حاصل ہو۔ یاد رہیکہ شینزوابے کو خارجہ پالیسی کا ایک سخت ترین پیروکار قرار دیا جاتا ہے تاہم حالیہ دنوں میں انہوں نے شمالی کوریا کے تئیں اپنی خارجہ پالیسی میں کافی نرمی کی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ انہوں نے کم جونگ سے ملاقات کرنے کی خواہش بھی کی ہے۔ حالیہ عرصہ میں جاپانی شہریوں کی شمالی کوریائی ایجنٹس کی جانب سے اغواء کے واقعات نے دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی پیدا کردی تھی۔ چہارشنبہ کو ایک انٹرویو کے دوران شینزوابے نے کہا تھا کہ وہ شمالی کوریا کے قائد کم جونگ سے غیرمشروط ملاقات اور بات کرنا چاہتے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان جو عدم اعتماد کا ماحول ہے اس کا خاتمہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کم جونگ کا راست سامنا کرنے تیار ہیں۔