میں نے مودی کو مایاوتی پر کبھی ترجیح نہیں دی : کجریوال

نئی دہلی 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے آج واضح کیاکہ اُنھوں نے کبھی بھی یہ نہیں کہاکہ وہ نریندر مودی کو بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی پر وزارت عظمیٰ کے لئے عہدے کے انتخاب کے سلسلہ میں ترجیح دیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹی وی چیانلس پر چل رہا ہے ’’کجریوال نے کہاکہ مودی اور مایاوتی کے بیچ میں مودی کو ترجیح دوں گا‘‘۔ کجریوال نے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ خبررساں ٹی وی چیانلس کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کجریوال نے ودربھا میں عام آدمی پارٹی کے مقررہ ودربھا جلسہ عام میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم توقع ہے کہ وہ مالیہ کے حصول کے لئے ایک لکژری ہوٹل میں عشائیہ میں شرکت کریں گے تاکہ پارٹی کیلئے مالیہ حاصل کیا جاسکے۔ مبینہ طور پر اِس عشائیہ میں شرکت کے لئے فی کس 10 ہزار روپئے فیس لی جائے گی۔ عام آدمی پارٹی کی ترجمان پریتی شرما مینن نے کہاکہ اروند جی بیمار ہیں، کل ممبئی میں اِن کے مصروف پروگرام کی وجہ سے وہ بہت زیادہ تھک گئے ہیں۔ ڈاکٹرس اُن کا معائنہ کررہے ہیں۔ کجریوال آج صبح ناگپور روانہ ہونے والے تھے لیکن امکان ہے کہ وہ شام میں روانہ ہوں گے۔ اُن کے سینہ میں شدید اکڑن اور دمہ ہے۔