میں نے بچوں کو بُرے نعرے لگانے سے روکا : پرینکا گاندھی

رائے بریلی 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بچوں کے حقوق والے فاضل ادارے کی جانب سے نوٹس وصول ہونے کے ایک روز بعد کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے آج کہاکہ اُنھوں نے بچوں کو غلط نعرے لگانے سے روکا اور اُنھیں کہاکہ اچھی باتیں کیا کریں۔ پرینکا نے یہاں بتایا کہ بچے آپس میں کھیل رہے تھے۔ جب میں اُن سے ملنے گئی وہ بعض نعرے لگانے لگے۔ جیسے ہی اُنھوں نے غلط باتیں کہیں میں نے اُن کو روک دیا اور اُن سے کہاکہ اِس کے بجائے کچھ اچھی باتیں کہیں۔ نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائیلڈ رائٹس نے جمعرات کو پرینکا گاندھی کو انتخابی مہم میں بچوں کے مبینہ استعمال پر نوٹس جاری کی تھی۔ یہ شکایت ایک ویڈیو سے متعلق ہے جس میں بچوں کو پرینکا کے سامنے بُری زبان استعمال کرتے دیکھا گیا۔