میں راہول کے برخلاف امیٹھی میںقیام کروں گا:وشواس

امیٹھی(یو پی )16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)راہول گاندھی پر طنز کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس نے آج کہا کہ وہ امیٹھی میں مکان تعمیر کریں گے اور عوام کے ساتھ رہیں گے، برخلاف ’’یوراج‘‘ کے جو ’راج محل‘میں قیام کرتے ہیں۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ وہ امیٹھی نہیں چھوڑیں گے، وشواس نے جو یہاں سے عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر لوک سبھا چناؤ لڑنے کا امکان ہے، کہا : ’’میں خدمت گذار ہوں ،کوئی یوراج نہیں۔ میں یہیں قیام کیلئے ایک مکان تعمیر کروں گا‘‘۔ ’’وہ (راہول) دعوی کرتے ہیں کہ امیٹھی کے عوام اُن کی فیملی ہیں …. لیکن وہ راج محل میں رہتے ہیں اور فضائی سفر کرتے ہیں جبکہ یہاں کے لوگوں کو اپنے سروں پر چھت تک میسر نہیں …. یہ کس قسم کا خاندانی رشتہ ہے؟‘‘

موجودہ لوک سبھا کا
5 فبروری سے آخری سیشن
نئی دہلی 16جنوری (سیاست ڈاک کام) موجودہ لوک سبھا کا آخری مرتبہ 5 تا 21 فبروری اجلاس منعقد ہوگاتاکہ لوک سبھا انتخابات سے قبل جو اپریل۔ مئی میں منعقد شدنی ہیں، علی الحساب بجٹ منظور کیا جاسکے۔ کابینی کمیٹی برائے پارلیمانی امور کی یہاں وزیر دفاع اے کے انٹونی کی زیر صدارت میٹنگ کے بعد وزیر پارلیمانی امور کمل ناتھ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’پارلیمنٹ کا سیشن 5 تا 21 فبروری منعقد ہوگا۔ ہاں،یہ سرمائی سیشن کا تسلسل رہے گا‘‘۔ ذرائع نے بعد میں کہا کہ علی الحساب بجٹ 17 فبروری کو پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ آنے والا سیشن سرمائی اجلاس کا تسلسل رہے گاکیونکہ دونوں ایوانوں کو موقوف نہیںکیا گیاتھا۔ جملہ 126بلز(لوک سبھا میں 62 اور راجیہ سبھا میں 64) مختلف مراحل میں معرض التواء ہیں۔