میں بی جے پی کی حمایت کرتا ہوں:جڈیجہ

نئی دہلی ۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹارآل راونڈررویندرجڈیجہ اس وقت آئی پی ایل میں چینائی سوپرکنگس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہیں انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈکپ 2019 کے لئے بھی ہندوستانی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ لیکن جڈیجہ کے افراد خاندان کے الگ الگ سیاسی جماعتوں میں جانے کی خبریں آئی ہیں۔ ان کی بیوی ریوابا نے کچھ ماہ قبل بی جے پی کی رکنیت حاصل کی تھی۔ وہیں دودن قبل جڈیجہ کے والد انرودھ سنگھ اوربہن نینابا کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ اس طرح سے خاندان کے تین ارکان کے الگ الگ پارٹیوں میں جانے کے بعد کئی طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔ جڈیجہ نے اب سوشل میڈیا کے ذریعہ بتایا کہ وہ بی جے پی کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا میں بی جے پی کوحمایت کرتا ہوں، جے ہند۔ اس ٹوئٹ میں انہوں نے وزیراعظم نریندرمودی کو بھی ٹیگ کیا۔ جس کے جواب میں مودی نے ان کا شکریہ ادا کرنے کے علاوہ ورلڈ کپ میں نیک تمناووں کا بھی اظہار خیال کیا۔وزیراعظم نریندرمودی نے بھی ان کے ٹوئٹ کے جواب میں جڈیجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ’’شکریہ رویندرجڈیجہ۔ اور 2019 ورلڈکپ کے لئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں منتخب کئے جانے کے لئے مبارکباد۔ آپ کو میری طرف سے نیک خواہشات۔رویندرجڈیجہ کے کرکٹربننے میں ان کے والد اوربہن کا خصوصی تعاون ہے۔ جڈیجہ بھی عوامی طورپراسے قبول کرچکے ہیں۔ رویندرجڈیجہ کی بیوی ریوابا گجرات میں راجپورکرنی سینا کے خواتین مورچہ سے بھی جڑی رہی ہیں اورگمان کیا جارہا ہے کہ علاقائی تنظیموں کی مدد سے ہی انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیارکی ہے۔