میں اصول پسند ہوں : ڈی سرینواس

نظام آباد:10؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)خصوصی مشیر برائے تلنگانہ حکومت مسٹر ڈی سرینواس نے آج ٹی آرایس پارٹی کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چندر شیکھر رائو سنہرے تلنگانہ کیلئے کوشاں ہیں اور ایک سال کے وقفہ میں انہوں نے کئی ترقیاتی پروگرام انجام دیتے ہوئے سنہرے تلنگانہ کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جس کی وجہ سے کانگریس پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کی گئی ہے۔ مسٹر ڈی سرینواس نے کہا کہ چندرشیکھر رائوایک تجربہ کار سیاستداں ہیں اور انہیں ریاست کے مسائل سے بخوبی واقفیت حاصل ہے۔ ریاست کے کونے کونے کے بارے میں اچھی طرح واقفیت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے ریاست کی ترقی میں کسی قسم کی روکاٹ پیدا نہیں ہورہی ہے اگر ان کے بجائے دیگر کوئی بھی چیف منسٹر ہوتے تو 5سال کا وقت حکومت کے بارے میں واقفیت حاصل کرنے میں گذر جاتا۔ اگر چندر شیکھر رائو 3تا4معیاد کیلئے منتخب ہوتے ہیں تو ریاست کی ترقی یقینی ہوجائے گی ۔ انہوں نے کانگریس سے علیحدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس میں انہیں نظر انداز کیاگیا تھا اور ٹی آرایس میں شمولیت کے وقت ان ساری باتوں کو واقف کروایا گیا تھا۔ریاست میں کانگریس کو دو مرتبہ اقتدار میں لانے میں اہم رول ادا کرنے کے باوجود بھی انہیں نظرانداز کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سونیا گاندھی کو اس بات سے بھی واقف کروایا تھا کہ ٹی آرایس تلنگانہ ریاست کی اہم جماعت ہے اور ٹی آرایس کے سربراہ اصول پسند ہیں منصوبہ بند طریقہ سے آگے بڑھ رہے ہیں انہیں نظر انداز نہ کریں ٹی آرایس کے ساتھ اتحاد کریں یا پھر ٹی آرایس کو کانگریس میں ضم کریں کے مشورے کے باوجود بھی چند قائدین ایسا نہیں ہونے دیااور میں ہمیشہ اصول پسند رہا ہوں کسی بھی موقع پر صلح نہیں کرتے ہوئے پارٹی کے ہر پروگرام کو آگے بڑھانے میں بھر پور رول ادا کرنے کے باوجود بھی انہیں نظر انداز کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کرنا پڑا۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ٹی آرایس پر کی جانے والی تنقیدوں اور کانگریس کی جانب سے ان پر کئے جانے والے تنقیدوں کو مسترد کردیا اور اس کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھ رہا ہوں۔ مسٹر ڈی سرینواس ٹی آرایس پارٹی اجلاس میں پہنچنے پر ٹی آرایس کے اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، ایم ایل سیز و پارٹی قائدین نے ان کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی کا کھنڈوا پہنا کر استقبال کیا۔