میکسیکو کے لاکھوں تارکین وطن کو کیلیفورنیا منتقل کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن ۔19 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن ایجنسی (سی بی پی) نے اپنی گنجائش میں کمی کی وجہ سے ٹرمپ انتظامیہ نے میکسیکو کے لاکھوں تارکین وطن کو سرحدی علاقوں سے ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔امریکی حکام کا کہنا تھا کہ وہ ہزاروں تارکین وطن خاندانوں کو ٹیکساس میں سرحد سے دور لے جانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔امریکی ایجنسی کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس اکتوبر سے اب تک 5 لاکھ 20 ہزار تارکین وطن کو امریکی حکام نے گرفتار کیا، جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران اتنے قلیل عرصے کی سب سے بڑی تعداد ہے ، جس میں اوسطاً 4 ہزار 5 سو افراد کو یومیہ گرفتار کیا گیا۔اپنے ایک بیان میں سی بی پی کا کہنا تھا کہ 20 روز کے اندر قانون کے مطابق گرفتار خاندانوں کے کوائف دیکھنا اور انہیں رہا کرنا مشکل ہے ۔رواں برس کے آغاز میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے تارکین وطن کی آمد کو قومی ایمرجنسی قرار دے دیا تھا، جس کے بعد کانگریس، امریکہ ۔ میکسیکو سرحد پر باڑ لگانے کے لیے 6 ارب ڈالر کی فنڈنگ دینے پر مجبور ہوگیا تھا، تاہم اس فنڈنگ کو عدالت میں چیلنج کردیا گیا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں بھی امریکہ ۔میکسیکو سرحد کی تعمیر کو اپنی الیکشن مہم کے دوران استعمال کیا تھا۔