میٹرو ریل کے ائرپورٹ رابطہ کیلئے 3 سال درکار

پراجیکٹ ابھی منظوری کے مراحل میں ۔ سی او او انیل سائینی کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم جون ( این ایس ایس ) حیدرآباد میٹرو ریل کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ شمس آباد سے اور شہر کے مغربی و مشرقی حصوں سے جوڑنے کیلئے مزید تین سال کا وقت درکار ہوسکتا ہے ۔ ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل ( حیدرآباد ) کے چیف آپریٹنگ آفیسر انیل کمار سائینی نے یہ بات بتائی ۔ ساتویں ایف ایم چوٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سائینی نے کہا کہ ائرپورٹ تک جانے والے دوسرے مرحلہ کا پراجیکٹ اب منظوری کے مرحلے میں ہے اور اس کی تکمیل کیلئے مزید تین سال کا وقت درکار ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل اینڈ ٹی کی جانب سے 42 ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں جو 710 چکر لگاتی ہیں اور یومیہ تقریبا 17,600 کیلومیٹر کا فاصلہ طئے کیا جاتا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ یومیہ تقریبا 2.5 تا 2.75 لاکھ مسافرین کو منتقل کیا جاتا ہے ۔ میٹرو ریل کی خدمات کے نتیجہ میں مضر صحت گیسوں کا اخراج کم ہونے لگا ہے اور میٹرو ریل سے جو آلودگی پیدا ہوتی ہے وہ محض پانچ عوامی بسوں اور 25 کاروں جتنی ہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل اینڈ ٹی میٹرو کی جانب سے تلنگانہ فیسیلیٹی مینجمنٹ کونسل سے اشتراک کیا جارہا ہے تاکہ مزید رابطوں کو یقینی بنایا جاسکے ۔ مس ہری چندنا جی ایچ ایم سی زونل کمشنر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔