میٹرو ریل کو تجرباتی طور پر چلانے کا اعلان

حیدرآباد یکم جون ( آئی این این ) جنوبی کوریا سے حیدرآباد کو لائی گئی پہلی میٹرو ٹرین آئندہ دو دن کے دوران تجرباتی طور پر پٹریوں پر چلائی جائے گی۔ لارسن اینڈ ٹربو حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے چیف ایکزیکٹیو اینڈ منیجنگ ڈائرکٹر وی بی گیٹگل نے اطلاع دیتے ہوئے ایس کے اے ایل انٹرنیشنل حیدرآباد میں کل رات منعقدہ ٹورس ،ٹراویلس اور ہوٹل مالکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین کوچس پر مشتمل ٹرین مئی کے تیسرے ہفتہ میں جنوبی کوریا سے حیدرآباد پہنچی تھی ۔21 مارچ 2015 کو ناگول تا میتو گوڑہ پہلے مرحلے کے تحت سرویس کے آغاز سے قبل تجرباتی اساس پر یہ ٹرین چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ناگول سے میتو گوڑہ تجارتی اساس پر چلائے جانے والی اس ٹرین کو آئندہ دو دن کے دوران پٹریوں پر لایا جائے گا اور عوام اس ٹرین سے آمد و رفت کا مشاہدہ کرسکیں گے ۔قبل ازیں مقررہ پروگرام کے مطابق مارچ 2014 سے میٹرو ریل کے پہلے مرحلے کا آغاز مقرر تھا۔