میٹرو ریل پراجکٹ کے افتتاح کے موقع پر ہریش راؤ کی دہلی میں موجودگی

ٹی آر ایس کے اندرونی اختلافات پر سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں
حیدرآباد ۔29۔ نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں باوقار میٹرو ریل پراجکٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیر آبپاشی ہریش راؤ کی نئی دہلی میں موجودگی کو لیکر سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ بعض گوشوں نے ہریش راؤ کی حیدرآباد میں عدم موجودگی کو ٹی آر ایس کے اندرونی اختلافات کا نتیجہ قرار دیا جبکہ دوسری طرف ہریش راؤ تلنگانہ کی سیاست میں ایک اہم تبدیلی کی کوششوں میں مصروف دکھائی دیئے۔ نئی دہلی میں ان کی ملاقات کانگریس کے رکن اسمبلی سمپت کمار سے ہوئی اور یہ ملاقات ریاست میں نئی تبدیلیوں کے امکانات کے طور پر دیکھی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو دھکا دینے کیلئے ہریش راؤ نے نئی دہلی کا انتخاب کیا تاکہ کانگریس کے رکن اسمبلی سے تفصیلی بات چیت کی جاسکے۔ ایسے وقت جبکہ تمام کی توجہ میٹرو ریل پراجکٹ اور گلوبل انٹرپرینرشپ سمٹ پر مبذول تھیں ، ہریش راؤ کی عدم موجودگی کو ہر کسی نے محسوس کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں کانگریس کے رکن اسمبلی سمپت کمار نے نصف گھنٹے تک مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ عالم پور سے تعلق رکھنے والے کانگریس رکن اسمبلی کی یہ ملاقات سیاسی تبدیلیوں کے طور پر دیکھی جارہی ہے۔ اس ملاقات کے بارے میں ہریش راؤ نے کوئی تبصرہ نہیں کیا جبکہ سمپت کمار نے اسے خیر سگالی ملاقات قرار دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سمپت کمار اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کا موقع نہ دیئے جانے پر سی ایل پی قائدین سے ناراض ہیں۔ وہ پارٹی کے اندرونی حالات سے ناخوش بتائے گئے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کانگریس قائدین کو پارٹی میں شامل کرنے کیلئے آپریشن آکرشن کا آغاز کیا ہے اور اسی حصہ کے طور پر ہریش راؤ نے کانگریس رکن اسمبلی سے ملاقات کی۔ اسی دوران سمپت کمار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اے آئی سی سی قائدین سے ملاقات کیلئے دہلی آئے ہیں۔ تلنگانہ بھون میں ہریش راؤ کی موجودگی کی اطلاع پر انہوں نے بحیثیت وزیر ملاقات کی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ سیاسی مسائل کے علاوہ دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ تاہم انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت کے امکانات کو خارج کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بعض سیاسی مبصرین ہریش راؤ کی ان سرگرمیوں کو پارٹی میں ایک مضبوط گروپ کی تیاری سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔