میٹرو ریل اسٹیشنوں میں ترکاریوں کے اسٹالس، محکمہ مارکیٹنگ اور حیدرآباد میٹرو ریل کے درمیان عنقریب یادداشت مفاہمت

حیدرآباد۔/30 ڈسمبر، ( سیاست نیوز)حکومت نے منا کورا گائلو ( ہماری ترکاریاں )کے اسٹالس کا آغاز کیا۔ شعبہ مارکیٹنگ اب ان اسٹالس کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے میٹرو ریل اسٹیشنوں میں بھی قائم کرنے کے اقدامات کررہا ہے کیونکہ عوام کی جانب سے ان ترکاری اسٹالس کے معاملہ میں مثبت رجحان پایا جاتا ہے اور ساتھ ہی ان اسٹالس کے ذریعہ کسانوں کو بھی فائدہ ہوتا ہے اور تاحال 61 اسٹالس قائم کئے گئے ہیں جبکہ افسران 100 اسٹالس کے قیام کا نشانہ مقرر کئے ہیں اور ان اسٹالس کو سوپر مارکٹس کے اسٹالس کے مانند تیار کیا جارہا ہے اور اس کی خصوصیت یہ ہے کہ تازہ ترکاریوں کو پیا ک کرکے کم قیمتوں پر فروخت کیا جاتا ہے جبکہ حکومت راست طور پر کسانوں کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے دلالوں کے بغیر خانگی ایجنسیز کے ذریعہ اسٹالس قائم کررہی ہے اور عہدیداروں نے سفارش کی ہے کہ بلدیہ کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے ماڈل مارکٹس میں یہ اسٹالس قائم کئے جائیں۔ تاہم شہر میں فی الحال 30 ماڈل مارکٹس کی تعمیر اختتامی مراحل میں ہے ۔ علاوہ ازیں مارکیٹنگ افسران میٹرو ریل اسٹیشنوں میں بھی ترکاری اسٹالس قائم کرنے پر غور کررہے ہیں اور بہت جلد ہی محکمہ مارکیٹنگ اور میٹرو ریل کے درمیان یادداشت مفاہمت ہوگی۔