میٹرو اسٹیشنوں پر پارکنگ کے خاطر خواہ انتظامات کا فقدان

بے ترتیب پارکنگ سے مسائل ۔ امیر پیٹ میں پولیس نے گاڑیوں کو ضبط کرلیا
حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ٹریفک مسائل کو حل کرنے کے لیے حیدرآباد میں میٹرو ریل متعارف کرائی گئی ہے ۔ تاہم میٹرو اسٹیشن میں پارکنگ کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے مسافرین کو کافی مسائل سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ بے ترتیب گاڑیوں کی پارکنگ سے ٹریفک مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ امیر پیٹ میٹرو اسٹیشن سے پولیس نے گاڑیوں کو ضبط کرلیا ہے ۔ جس پر گاڑیوں کے مالکین میں ناراضگی دیکھی گئی ہے ۔ میٹرو ریل کے پٹریوں پر دوڑنے سے بڑی حد تک ٹریفک مسائل سے راحت ملنے کی عوام توقع کررہے تھے ۔ لیکن میٹرو اسٹیشن میں گاڑیوں کے پارکنگ کی سہولت نہ ہونے سے مسافر پریشان ہیں ۔ امیر پیٹ انٹر چینج اسٹیشن کے پاس آج گاڑیاں بے ترتیب پارک کردینے کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پیدا ہوگیا ۔ ٹریفک پولیس نے ان گاڑیوں کو وہاں سے منتقل کردیا ۔ امیر پیٹ میٹرو اسٹیشن میں پارکنگ کی سہولت نہ ہونے پر عوام نے برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ چالیس کمان میں پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اس پر عمل آوری نہ ہونے سے مالکین گاڑیوں کو دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ کئی اسٹیشن میں پارکنگ کے لیے مناسب جگہ کا انتخاب نہ کرنے سے عوام ناراض ہیں ۔ پریڈ گراونڈ ، سکندرآباد ایسٹ میٹرو اسٹیشن میں پارکنگ کی کوئی سہولت نہیں ہے ۔ ناگول ، اپل اسٹیڈیم ، این جی آر آئی ، حبشی گوڑہ ، تارناکہ اسٹیشن میں ٹو وہیلر گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت ہے ۔ تاہم کار ، بس ، کیابس وغیرہ کیلئے پارکنگ نہیں رکھی گئی ہے ۔ چند میٹرو اسٹیشنس میں تعمیری کام ہنوز جاری ہونے سے مسافرین کو مشکلات پیش آرہی ہے ۔ جب اس سلسلے میں میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی سے ربط پیدا کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ پارکنگ مقامات کے تعمیری کام بڑی تیزی سے جاری ہے جو بھی مسائل ہیں اس کا بہت جلد حل برآمد ہوگا ۔ پارکنگ فیس کا بھی بہت جلد اعلان کیا جائے گا ۔