میلادالنبیؐ کے موقع پر نوجوانوں کی لغویات و غیراسلامی حرکت افسوسناک

سیرت النبیؐ اکیڈیمی کی ایوارڈ تقریب، مولانا سید غلام صمدانی علی قادری کا خطاب
حیدرآباد۔ 15 جنوری (سیاست نیوز) میلادالنبیؐ کے پُرمسرت موقع پر بعض مقامات پر نوجوانوں کی لغویات میں دلچسپی اور غیراسلامی حرکتوں کی حوصلہ افزائی باعث افسوس ہے۔ مولانا سید غلام صمدانی علی قادری نے سیرت النبیؐ اکیڈیمی کے زیراہتمام منعقدہ میلاد ڈنر و ایوارڈ تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ جشن میلاد کا اہتمام دراصل پیام محسن انسانیتؐ کو عام کرنا ہے اور سیرت النبیؐ اکیڈیمی گزشتہ 30 برسوں سے اس کام میں مشغول ہے۔ مولانا علی قادری نے بتایا کہ ان کے والد کی بناء کردہ اس تنظیم کی جانب سے اسوۂ حسنہؐ کو عام کرتے ہوئے نوجوانوں کے عقائد کے تحفظ کا مشن جاری ہے۔

اس جلسہ و میلاد ڈنر تقریب میں مولانا فصیح الدین نظامی، مولانا وحید الدین حیدر جعفری نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ جشن ولادت مصطفی ؐ کا اہتمام روحانی غذا کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلادالنبیؐ کی خوشیاں منانا درحقیقت باعث رحمت ہے چونکہ ہم رحمت العالمینؐ کا مشن مناتے ہیں، اس موقع پر مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں کو سیرت النبیؐ ایوارڈ پیش کئے گے۔ جناب سید محمد بلال اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست کو ان کی صحافتی خدمات پر ایوارڈ پیش کیا گیا جبکہ روزنامہ منصف سے جناب سید احمد الحسینی کو یہ ایوارڈ پیش کیا گیا۔

جناب جاوید مرزا اور جناب مہدی علی باقری کے علاوہ شعبہ طب میں بھی ایوارڈ پیش کئے گئے۔ مولانا فصیح الدین نظامی کو بھی ان کی علمی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا۔ علاوہ ازیں حافظ محمد عبدالقیوم صدر مدرس دارالعلوم النعمانیہ کو بھی ایوارڈ سے نوازا کیا۔ اس موقع پر جناب احمد صدیقی کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔ جناب ای اسمعیل سابق رکن انسانی حقوق کمیشن اور جناب ایس اے شکور کے علاوہ دیگر کے ہاتھوں ان ایوارڈس کی تقسیم عمل میں آئی۔ مولانا سید غلام قادری قطب قادری نے نظامت کی جبکہ جناب عابد صدیقی نے سیرت النبیؐ اکیڈیمی کی خدمات اور مقاصد پر مفصل روشنی ڈالی۔