میسی کا بارسلونا سے ایک سیزن کیلئے2 کروڑ یورو کا مطالبہ

بارسلونا۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ارجنٹینا اور ہسپانوی فٹ بال کلب کے اسٹار اسٹرائیکر لیونل میسی اپنے کلب سے نیا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں ، اس کے لئے انہوں نے بارسلونا ایف سی کی انتظامیہ سے ایک سیزن کے لیے دوکروڑ یورو کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ رقم ٹیکس کی ادائیگی کے بعد ہے۔ اگر فریقین میں معاہدہ طے ہوجاتا ہے تو میسی جلد دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی بن جائیں گے۔ معاہدے کی تفصیلات کے مطابق میسی کو فی ہفتہ چار لاکھ یورو ملیں گے۔ یہ معاوضہ کرسٹیانو رونالڈوکو ادا کی جانے والی فیس سے زیادہ ہے۔یہی نہیں بلکہ میسی کی شرائط میں تیس لاکھ یورو کا بونس بھی شامل ہے۔ انہیں کلب کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔

بارسلونا نے انہیں ٹیکس ادائیگیوں کے بعد ایک کروڑ 80 لاکھ یورو کی پیش کش کی تھی، یہ رقم اس کے مساوی ہے جو رونالڈو ریال میڈرڈ سے حاصل کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں فریقین میں کچھ عرصے سے مذاکرات جاری ہیں۔کہا جارہا ہے کہ میسی کیمپ نے کلب کی آخری پیشکش کا جواب دینے میں اتنا وقت لیا کہ یہ فرض کرلیا گیا تھا کہ شاید میسی اسے قبول نہیں کریںگے اور نیا کلب ڈھونڈ لیں گے۔ تاہم میسی کی جانب سے نئے مطالبات سامنے آنے کے بعد کلب کے صدر جوسیپ ماریا کافی پرجوش ہیں اورچاہتے ہیں کہ دنیا کے ٹاپ فٹبالر سے مزید گفتگو کرکے معاہدہ کو پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے۔ عام خیال ہے کہ میسی کے والد اور ایجنٹ جورگ چند دنوں میں بارسلونا پہنچ کر معاہدے کی تفصیلات طے کرکے اس پر دستخط کردیں گے۔