میسور یونیورسٹی میں اصطلاحات سازی ورکشاپ

دانشوروں کی شرکت،میسور یونیورسٹی اور ہندوستانی زبانوں کے مرکزی ادارہ کا اشتراک
میسور 31 ڈسمبر (پریس نوٹ) شعبہ اردو میسور یونیورسٹی اور نیشنل ٹیسٹنگ سرویس انڈیا کے باہمی تعاون سے شعبہ اردو میسور یونیورسٹی میں پانچ روزہ ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس کے ذریعہ انگریزی اصطلاحات کی اردو میں معیاری بندی، تعین کے قدر اور وضع اصطلاحات پر توجہ دیتے ہوئے ابلاغ عامہ اور دیگر اہم موضوعات کی اصطلاحات سازی کا کارنامہ انجام دیا گیا۔ اس پانچ روزہ ورکشاپ کا افتتاح میسور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر کے ایس رنگپا نے گریٹ ہال میں انجام دیا۔ اس افتتاحی تقریب میں مشہور موسیقار راجیو تارا ناتھ، پروفیسر عتیق اللہ، پروفیسر زماں خاں آزردہ اور پروفیسر شاہد حسین نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ پروفیسر مسعود سراج صدر شعبہ اردو میسور یونیورسٹی نے خطبہ استقبالیہ کے ذریعہ وائس چانسلر اور مہمانان خصوصی کے علاوہ ورکشاپ میں شرکت کرنے والے ملک کی مختلف جامعات کے پروفیسر حضرات کا خیرمقدم کیا۔ پروفیسر عتیق اللہ سابق صدر شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی نے کلیدی خطبہ میں کہاکہ ماضی میں اردو کے چاہنے والوں نے عمدہ اصطلاحات تیار کرکے اردو زبان کے معیار کو بلند کیا۔ عصر حاضر میں ذرائع ترسیل و ابلاغ میں وسعت اور اس کی تیز رفتار ترقی کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے نئی اصطلاحات کی وضع سازی ہماری ذمہ داری ہے۔