میر عسکر علی مارشل آرٹس کا ابھرتا ستارہ

حیدرآباد ، 31 اگسٹ (راست) میر عسکر علی (وفا) نے حال ہی میں کوالالمپور ، ملائیشیا میں منعقدہ انٹرنیشنل ووشو چمپئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 65kg کے زمرے میں سلور میڈل حاصل کیا۔ اس کے علاوہ وہ قومی سطح پر بھی شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے کئی ایوارڈز جیت چکے ہیں۔ عسکر علی ، جناب میر حیدر علی منیجنگ ڈائریکٹر یاکن مارکیٹنگ کے فرزند ہیں۔ اپنی ابتدائی اسکولنگ دبئی میں حاصل کرنے کے بعد حیدرآباد منتقل ہونے پر نصر بوائز ہائی اسکول سے تعلیم جاری رکھی اور تعلیمی میدان کے علاوہ مختلف کھیلوں کے میدان میں اسکول کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ کی تعلیم سری چیتنیا کالج سے 90 فیصد امتیازی نمبرات سے کامیاب کرچکے ہیں اور اب ایمسٹ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ ووشو کو ’مدر آف آل مارشل آرٹس‘ کی حیثیت حاصل ہے۔ اس کی مختلف شاخیں ہیں جیسے تاؤلو، سنشاؤ اور تائی۔چی۔ مشہور ہالی ووڈ اسٹارز جیسے بروس لی، جیٹ لی اور جیکی چان یہی مارشل آرٹ کے ماہر تصور کئے جاتے ہیں۔ عسکر علی نے ووشو کی ٹریننگ حیدرآباد ووشو کے روح رواں سید عباس کرمانی کی راست نگرانی میں حاصل کی۔ ان کی ہی سرپرستی میں وہ 2010ء سے مختلف سطح کے مقابلوں میں شاندار مظاہرہ پیش کرتے ہوئے کئی انعامات حاصل کرچکے ہیں۔ مستقبل میں بھی عسکر علی سے کافی امیدیں ہیں کہ اسی طرح کی کارکردگی کے ذریعے مزید انعامات حاصل کریں گے۔