میرے کھیل میں کوئی تکنیکی خامی نہیں : پجارا

انڈیا اور آسٹریلیا اے ٹیموں کا آج سے غیرسرکاری ٹسٹ ۔ علیل ورون آرن عدم دستیاب

چینائی ، 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا  کے کپتان چتیشور پجارا نے آج ادعا کیا کہ اُن کے کھیل میں کوئی تکنیکی خامیاں نہیں ہیں اور یارکشائر کے ساتھ اُن کی کاؤنٹی میعاد نے درحقیقت انھیں عصری دور کی کرکٹ کے تقاضوں کیلئے ذہنی طور پر تیار کیا ہے۔ پجارا انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹسٹ سیریز میں اوسط سے کمتر مظاہرے کے بعد ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے قطعی گیارہ میں جگہ کھو دیئے اور اپنا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کرتے نظر آئے ہیں۔ ماہرین نے خیال ظاہر کیا تھا کہ پجارا اپنے کھیل میں بعض تکنیکی خامیاں رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ سمندرپار کے حالات میں اچھی کارکردگی پیش کرنے میں جدوجہد کرتے رہ گئے۔ پجارا جو آسٹریلیا A کے خلاف غیرسرکاری ٹسٹ سیریز میں انڈین اے ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، پُراعتماد ہے کہ اُن کا رنوں کا قحط جلد ختم ہوجائے گا۔

دریں اثناء راہول ڈراویڈ کی کوچنگ والی انڈیا A ٹیم دو میچ کی سیریز کے پہلے غیرسرکاری ٹسٹ میں کل یہاں چیپاک میں آسٹریلیا اے کا سامنا کرے گی، جس میں مقصد یہی رہے گا کہ محفوظ کھلاڑیوں کی ٹھوس طاقت فروغ دی جائے۔ چہارشنبہ کو انڈیا اے اپنے نئے کوچ ڈراویڈ کی نگرانی میں نیا مشن شروع کرے گا کہ ملک کیلئے کرکٹرز کا وسیع تر پول بنایا جائے۔ ہندوستانی ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج ہے۔ تاہم انڈیا اے کو بڑا جھٹکہ لگا کیونکہ اسٹرائیک پیس بولر ورون آرن بخار میں مبتلا ہو کر اس پہلے ٹسٹ کیلئے خارج از امکان ہوگئے ہیں۔ پجارا سے جب اپنی ترجیحی ترکیب سے متعلق پوچھا گیا تو انھوں نے ورون کی عدم دستیابی کی بابت واقف کرایا۔ اے ٹیموں کے ٹورز کو انیل کمبلے کی قیادت میں کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی موجودہ ٹکنیکل کمیٹی کے تحت اہمیت حاصل ہوئی ہے جبکہ یہ میچز نیشنل سینئر ٹیم کیلئے کھلاڑیوں کی اگلی نسل کے تعین میں مدد کریں گے۔