میرا ووٹ نریندر مودی کیلئے ہے کرن بیدی کا ٹوئیٹر پیام

نئی دہلی 9 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایسے وقت میں جبکہ سارے ملک میں عام آدمی پارٹی کی لہر چل رہی ہے کرپشن کے خلاف انا ہزارے کی مہم میں اہم رول ادا کرنے والی کرن بیدی نے وزارت عظمی کیلئے بی جے پی کے امیدوار نریندر مودی کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ کرن بیدی نے اپنے ٹوئیٹر پیام پر کہا کہ ان کیلئے ہندوستان کی اہمیت ہے ۔ وہ چاہتی ہے کہ ملک میں مستحکم اور بہتر حکمرانی ہو جس کیلئے تجربہ کی ضرورت ہے ۔ ایسے میں بحیثیت آزاد رائے دہندہ وہ نریندر مودی کی تائید کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے فروغ کو دیکھتے ہوئے کانگریس کو دوبارہ ووٹ نہیں دیا جاسکتا اسی لئے وہ مستحکم ہندوستان کی خاطر نریندر مودی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرینگی ۔

نئی یوتھ پالیسی ،قانون انسداد کرپشن میں ترمیم کا بل بھی منظور
اس دوران حکومت نے آج ایک نئی پالیسی کو منظوری دی تا کہ نوجوانوں کو تعلیم ،ہنر مندی کے فروغ اور تجارتی سرگرمی کے علاوہ سیاست اور حکمرانی میں حصہ لینے کے ترجیحی شعبوں میںمشغول کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔ وزیر اطلاعات و نشریات منیش تیواری نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مرکزی کابینہ نے اپنی میٹنگ میں نئی نیشنل یوتھ پالیسی (NYP-2014)کو منظوری دی جو این وائی پی۔ 2003 کی جگہ لے گی جو کہ فی الحال نافذ العمل ہے۔ دریں اثناء موجودہ لوک سبھا کی تحلیل کے بعد بھی پارلیمنٹ میں مخالف رشوت ستانی اقدام کو عملی طور پر برقرار رکھنے کی کوشش میں وزارت پرسونل کو آج قانون انسداد کرپشن میں ترمیم کیلئے ایک بل راجیہ سبھا میں متعارف کرانے کیلئے مرکزی کابینہ کی منظوری حاصل ہوگئی۔وزارت نے قبل ازیں اس ضمن میں وزیراعظم کی منظوری حاصل کرلی تھی۔