میدک پارلیمانی انتخابات کے لیے سرکاری مشنری کا بے جا استعمال

چیف الیکٹورل آفیسر سے تلنگانہ کانگریس قائدین کودنڈا ریڈی اور جی نرنجن کی شکایت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کانگریس کمیٹی نے چیف الیکٹورل آفیسر سے شکایت کی کہ حکمران ٹی آر ایس میدک لوک سبھا کے ضمنی انتخابات میں انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی ہے ۔ صدر نشین کانگریس تادیبی کمیٹی مسٹر کے کودنڈا ریڈی ترجمان مسٹر جی نرنجن نے چیف الیکٹورل آفیسر کو بتایا کہ 13 ستمبر کو حلقہ لوک سبھا میدک کا ضمنی انتخاب مقرر ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کررہی ہے ۔ بافندوں کے قرض سے متعلق استفادہ کنندون کے ناموں کی فہرست گرام پنچایتوں پر لگاتے ہوئے انہیں ٹی آر ایس کی جانب راغب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور الیکشن کمیشن سے اپیل کرتی ہے کہ وہ فوری مداخلت کرے اور حکومت کے انتخابی قواعد کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اعلامیہ جاری ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے یہ کارروائی کی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ وزراء اور ٹی آر ایس کے منتخب عوامی نمائندے اپنے اثر و رسوخ و سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کررہے ہیں اور رائے دہندوں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کررہے ہیں کانگریس کے قائدین نے ضمنی انتخاب کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انتخابی خلاف ورزی کرنے والے چاہے وہ کتنے بڑے عہدے پر ہوں ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔