میدک میں پُرامن رائے دہی کیلئے تعاون کی اپیل

حیدرآباد۔یکم ستمبر ( سیاست نیوز) چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل نے ریاست تلنگانہ کے حلقہ لوک سبھا میدک کیلئے جاریہ ماہ کے دوران منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کے بہتر و پُرامن انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے میں الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کرنے کی تمام سیاسی جماعتوں سے پُرزور خواہش کی ۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں واقع اپنے چیمبر میں منعقدہ کُل جماعتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر بھنور لعل نے کہا کہ مجوزہ ضمنی انتخاب برائے حلقہ لوک سبھا کے پُرامن انعقاد کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن اور ان کی جانب سے بہتر انتظامات کئے جائیں گے اور تمام سیاسی جماعتوں سے انتخابی ضابطہ اخلاق پر مؤثر عمل آوری کی جائے گی ۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے انتخابات کے پُرامن انعقاد کیلئے مفید تجاویز و مشورے پیش کرنے کی بھی خواہش کی گئی اور کہا کہ مرکزی الیکشن کمیشن بھی ان تجاویز و مشوروں کو قبول کرے گی ۔ اس اجلاس میں انیل کمار گووردھن ریڈی ‘ تلنگانہ راشٹرا سمیتی ۔ کودنڈا ریڈی ‘ نرنجن کانگریس پارٹی ‘ آر چندر شیکھر ریڈی تلگودیشم پارٹی ‘ پریم چندرا ریڈی و ایم لکشمن بی جے پی قائدین نے شرکت کی ۔ تلگودیشم اور بی جے پی نے اپنے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ برسراقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی اپنے سرکاری اختیارات کا بیجا استعمال کرنے کیلئے اپنے تمام وزراء اور ارکان پارلیمان و اسمبلی کو تعینات کرے گی ۔ لہذا وزراء اور دیگر ارکان پارلیمان کو مستقل طور پر حلقہ لوک سبھا میدک کا دورہ کرنے و سرکاری اجلاس منعقد کرنے سے روکنے کیلئے اقدامات کرنے کی چیف الکٹورل آفیسر سے پُرزور اپیل کی اور کہا کہ وزراء اپنی سرکاری گاڑیوں میں دورہ کر کے ٹی آر ایس امیدوار کی انتخابی مہم چلارہے ہیں ۔ تلگودیشم ۔ بی جے پی قائدین نے چیف الکٹورل آفیسر پر زور دیا کہ وہ ہر حلقہ اسمبلی کیلئے صرف ایک ہی مبصر کو تعینات کرنے کی امیدواروں کو ہدایات دیں ۔ علاوہ ازیں امیدواروں کے انتخابی مصارف پر کڑی نظر رکھنے کیلئے علحدہ علحدہ مبصرین کو تعینات کرنے کا مسٹر بھنور لعل کو مشورہ دیا ۔ ان قائدین نے یوم رائے دہی سے ایک ہفتہ قبل ہی رائے دہندوں میں ( سلپس) کی تقسیم عمل میں لانے کی پُرزور اپیل کی اور کہا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دینے کی بھی خواہش کی ۔ قائد ٹی آر ایس مسٹر انیل کمار نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی نظر صرف اور صرف برسراقتدار پارٹی پر ہی رہے گی ۔ لہذا ان کی جانب سے کسی بھی شکایات پر توجہ نہ دینے کی خواہش کی ۔ اجلاس کے اختتام پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اجلاس میں شریک قائدین نے کہا کہ چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل نے ان کی تجاویز و شکایات کی بغور سماعت کی اور اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ اجلاس سے قبل بی جے پی قائد مسٹر رگھونندن نے ٹی نیوز اور نمستے تلنگانہ تلگو روزنامہ کے خلاف چیف الکٹورل آفیسر سے شکایت کی اور اس بات کی خواہش کی کہ ٹی نیوز اور نمستے تلنگانہ میں ٹی آر ایس امیدوار کی تائید میں شائع ہونے والی اور ٹیلی ویژن چینلس میں ٹیلی کاسٹ ہونے والی خبروں کو پیڈ نیوز تصور کرنے کی پُرزور خواہش کی ۔