میدک میں سیاسی سرگرمیاں تیز

محبوب نگر /2 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تمام سیاسی جماعتں کے قائدین کی نظریں اب حلقہ پارلیمان میدک کے ضمنی انتخابات پر جمی ہوئی ہے ۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین میدک کا رخ کرچکے ہیں جہاں وہ انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں ۔ اطلاع کے مطابق قائدین میدک میں قیام کرتے ہوئے اپنی جماعت کے امیدوار کی کامیابی کیلئے کوشاں ہیں ۔ برسر اقتدار پارٹی کے محبوب نگر کے ایم پی اے پی جتیندر ریڈی ، ارکان اسمبلی جوپلی کرشنا راؤ ، سرینواس گوڑ ، لکشماریڈی ، وینکٹیشور ریڈی ، ایم جناردھن ریڈی ، بی بالراج ، انجیا یادو کو میدک پارلیمان کے اسمبلی حلقہ جات میں تشہیر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وی سرینواس گوڑ کو پٹن چیرو ، انجیا یادو کو دوباک ، لکشما ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ کو میدک ، جناردھن ریڈی اور وینکٹیشور ریڈی کو نرساپور ، انجیا یادو اور جی بالراج کو سنگاریڈی کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ اسی طرح کانگریس کی جانب سے گدوال کی رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ڈی کے ارونا ، جی چناریڈی ، ومشی جتیندر ریڈی ، ملو روی ، نندی یلیا ایم پی ناگرکرنول ٹی ڈی پی ، بی جے پی قائدین مہم چلارہے ہیں ۔ تلگودیشم کی جانب سے ریونت ریڈی ، آر چندر شیکھر ریڈی میدک میں قیام کئے ہوئے ہیں جبکہ بی جے پی کے ریاستی قائد ناگم جناردھن ریڈی پارٹی میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کیلئے بی جے پی امیدوار کی مہم میں سرگرم ہیں ۔