میدک میں رائے دہی کا پرامن انعقاد

کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں

میدک۔ 11 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ لوک سبھا میدک میں رائے دہی پرامن ہوئی۔ کسی بھی مقام سے کوئی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ عوام اور سیاسی جماعتوں کا سرکاری عہدیداروں کا مکمل تعاون رہا۔ شام 5 بجے تک 68.80% رائے دہی ہوئی جو ساری ریاست میں سب سے زیادہ ریکارڈ ہوئی۔ کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر بڑی بڑی قطاریں نہیں رہیں۔ رائے دہی سست ہی رہی۔ پورے پارلیمانی ضلع میں شامل تمام اسمبلی حلقوں کے ای وی ایمس رائے شماری کیلئے نرساپور منتقل کردی گئیں۔ ریٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر کے دھرما ریڈی نے اپنا ووٹ میدک کے ماچاورم پر ڈالا۔ اسی طرح ضلع ایس پی کماری جی چندنا دیپتی، نے بھی ماچاورم پر ووٹ ڈالا۔ رکن اسمبلی میدک پدماریڈی نے آبائی مقام رامائم پیٹ منڈل پر امیدوار ٹی آر ایس کے پربھاکر ریڈی نے حلقہ اسمبلی دوباک اور ریاستی وزیراعلیٰ حلقہ اسمبلی گجویل کے چنتا مڈگو پر حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ اسی طرح امیدوار بھاجپا رگھونندن راؤ نے حلقہ اسمبلی دوباک اور کانگریس کے امیدوار انیل کمار نے حلقہ اسمبلی پٹن چیرو پر صدرنشین صوبہ ملکارجن گوڑ نے میدک ٹاؤن کے نواب پیٹ میں اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔