میاں پور اراضی اسکام میں وزیر سرینواس یادو کا رول مشکوک

سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ ، کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ کانگریس امور ڈگ وجئے سنگھ نے میاں پور اراضی اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکام میں ریاستی وزیر سرینواس یادو کا رول بھی مشکوک ہے ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ہر معاملے میں پوری طرح ناکام ہے ۔ میاں پور میں سینکڑوں ایکڑ سرکاری اراضی کا اسکام ہوا ہے ۔ انہوں نے اس اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت چاہے تو کانگریس کے دور حکومت میں بھی اس طرح کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے تو اس کی بھی تحقیقات کرائی جائے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے دوسری جماعت کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے رکن اسمبلی کو وزیر بنایا ۔ چیف منسٹر کو ایسے ہی لوگوں کی ضرورت ہے اور ایسے ریکارڈ رکھنے والے قائدین چیف منسٹر کے ساتھ ہے ۔ چیف منسٹر نے میاں پور اراضی اسکام کے خلاف صرف سب رجسٹرار کا تبادلہ کرنے تک اکتفا کیا ۔ اس کے پیچھے موجود سیاسی قائدین کو یکسر نظر انداز کردیا ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری نے اس اسکام کی سی آئی ڈی تحقیقات کرنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ٹی آر ایس حکومت پر ہرگز بھروسہ نہیں ہے ۔ لہذا حکومت اس کی سی بی آئی تحقیقات کرائے ۔ انہوں نے گینگسٹر نعیم انکاونٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں چند پولیس ملازمین کو معطل کرتے ہوئے سیاسی قائدین کو چھوڑ دیا گیا ہے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے بیف کو متنازعہ بنانے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت پہلے بیف کے بارے میں خلاصہ کرے کہ بیف گائے ہے یا بھینس ہے ۔ لوگ کیا کھائے کیا پئیے کیا پہنیں اس کا فیصلہ کرنے کا مرکزی حکومت کو کوئی اختیار نہیں ہے ۔ بیف پر امتناع ریاستوں کا اختیار ہے ۔ بی جے پی ہندو ووٹ مضبوط کرنے کے لیے اور اپنی تین سالہ ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے متنازعہ مسائل کو چھیڑتے ہوئے ملک کے پرامن ماحول کو تباہ و تاراج کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے دورہ تلنگانہ کو فلاپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ ماحول کو مکدر کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ کانگریس پارٹی 2019 کے عام انتخابات میں ریاست کے تمام 119 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کرے گی ۔ کانگریس کے سینئیر قائد جئے پال ریڈی کی جانب سے مستقبل میں تلگو دیشم سے اتحاد کرنے کا اشارہ دینے پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ جئے پال ریڈی نے کیا کہا ہے وہ اس سے واقف نہیں ہے ۔ تاہم مستقبل میں عوامی مسائل پر حکومت کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کے لیے تلگو دیشم ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے علاوہ دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے ۔۔