میانمار میں روہنگیا ہنوز فوجی ظلم کا شکار : ایمنٹسی

راکھین۔ 29مئی(سیاست ڈاٹ کام)لندن میں واقع انسانی حقوق تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ کے مطابق میانمار کی فوج حال ہی میں راکھین صوبے میں روہنگیا طبقے کے لوگوں کے خلاف ہوئے نئے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں شامل ہے ۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ‘‘نو ون کین پروٹیکٹ اس:وار کرائمس اینڈ ایبیوسزان میانمار راکھین اسٹیٹ’’ نام سے چہارشنبہ کو شائع نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میانمار کی فوج نے ایک سال تک جنوری سے مسلسل حملوں میں روہنگیا طبقے کے مسلمانوں کو قتل کیا اور انہیں زخمی کیا۔ایمنسٹی کی 46صفحات والی اس رپورٹ میں میانمار کی فوج پر آئینی طریقہ کار پر عمل کئے بغیر لوگوں کو موت کی سزا دینا،من مانے طریقے سے ان کو گرفتار کرنا،ان کا استحصال کرنا اور ان کے تئیں برا برتاؤ کرنے کے الزام لگائے گئے ہیں۔میانمار کی فوج کے حملوں کے جواب میں راکھین صوبے کے نسلی مسلح گروپ اراکن آرمی نے پولیس چوکیوں پر حملے کئے ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل میں جنوبی مشرقی ایشیائی معاملوں کے علاقائی ڈائریکٹر نکولس بیکلین نے کہا،‘‘تقریباً دو سال پہلے روہنگیا طبقے کے لوگوں پر بڑے پیمانے پر کئے گئے مظالم کی مخالفت پوری دنیا نے کی تھی،لیکن اس کے باوجود میانمار کی فوج دوبارہ راکھین صوبے میں روہنگیا طبقے پر ظلم کررہی ہے ۔’’واضح رہے کہ 9 لاکھ سے زیادہ روہنگیا پناہ گزین ابھی بھی پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں راحت کیمپوں میں رہ رہے ہیں اور ایمنسٹی کی نئی رپورٹ کے مطابق ان کا واپس وطن لوٹنا غیرمحفوظ اور بے حد مشکل ہے ۔
فرضی بینک کھاتے ، احتساب بیورو میں بلاول سے پوچھ گچھ
اسلام آباد۔ 29مئی(سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے اپوزیشن لیڈر بلاول بھٹو زرداری سے چہارشنبہ کو انسداد رشوت کے نگران کار ادارہ نے فرضی بینک کھاتوں کے ضمن میں پوچھ گچھ کی۔ یہ کھاتے مبینہ طور پر اربوں روپئے ملک سے باہر بھیجنے کیلئے استعمال کئے جاتے تھے۔ 30 سالہ بلاول قومی احتساب بیورو کی تحقیقاتی ٹیم کے اجلاس پر حاضر ہوئے، جہاں پر ان سے 30 منٹ تک پوچھ گچھ کی گئی۔ اس دوران انہیں 32 سوالات پر مشتمل ایک سوالبند حوالے کیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے صدرنشین سے اندرون 10 دن ان سوالات کا جواب دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ یہ دوسرا موقع تھا کہ قومی احتساب بیورو نے بلاول کو اپنے اجلاس پر طلب کیا تھا۔
سعودی تیل بردار بحری جہازوں پر حملے میں ایران ملوث :امریکہ
ابو ظبی ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بات میں تقریباً کوئی شک نہیں رہا کہ امریکہ کو تیل فراہمی پر مامور سعودی بحری جہازوں پر حملے میں ایران ملوث ہے۔امریکہ کے مشیر قومی سلامتی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قابل اعتماد ساتھی جان بولٹن نے ابوظبی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیج عمان میں سعودی عرب کے تیل بردار بحری جہازوں کو ایران کی بحری آبدوزوں نے نشانہ بنایا۔ مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے مزید کہا کہ تیل بردار سعودی بحری جہازوں پر حملہ آور ملک کے حوالے سے امریکہ میں کسی کے زہن میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے کیا آپ لوگوں میں سے کوئی ہے جو یہ سمجھتا ہو کہ یہ حملہ نیپال نے کیا ہو؟ اور اس کا جواب ہوگا ہرگز نہیں۔خلیج عمان میں سعودی تیل بردار بحری جہازوں پر نامعلوم سمت سے حملے کی تحقیقات کے لیے 5 ممالک کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر سعودی اتحاد کے فضائی حملے
ماسکو۔ 29مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی قیادت والے اتحاد کے طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی باغیوں کے کئی ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے ۔یہ اطلاع مقامی میڈیا نے دی ۔یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادي کی قیادت والی سیکورٹی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان طویل عرصہ سے باہمی جدوجہد چل رہی ہے ۔ سعودی عرب مسٹر ہادی کی درخواست پر 2015 سے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر ہوائی حملہ کر رہا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ صنعا میں حوثی اور سیکورٹی فورسز کے درمیان لڑائی کی وجہ سے ملک میں لاکھوں لوگ صحت کی سہولیات اور اشیائے خوردونوش کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔