مہاراشٹرا میں کسانوں کے مسائل پر کانگریس کی جدوجہد

ممبئی ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام) : پارلیمنٹ اور اسمبلی انتخابات میں شکست سے افسردہ کانگریس پارٹی نے مہاراشٹرا میں بی جے پی ۔ شیوسینا حکومت کے خلاف جدوجہد کے لیے کارکنوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا اور الزام عائد کیا کہ یہ حکومت خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں کسانوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ صدر پردیش کانگریس مانک راؤ ٹھاکرے نے بتایا کہ علاقہ ودربھا اور مرہٹواڑہ میں خشک سالی کی صورتحال کا جائزہ لینے اور متاثرہ کسانوں کو امداد و راحت کے کاموں پر نگرانی کے لیے پارٹی نے 2 کمیٹیاں تشکیل دی ہیں اور اس خصوص میں کانگریس قائدین 5 جنوری سے ریاست کا دورہ کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی قائدین گرام پنچایت اور پنچایت سمیتی کی سطح پر کسانوں سے ملاقات کر کے ان کی مشکلات سے آگاہی حاصل کریں گے ۔ مسٹر ٹھاکرے نے مزید بتایا کہ مشرقی مہاراشٹرا میں ژالہ باری سے نقصان زدہ فصلوں کا معاوضہ ادا کرنے میں حکومت ناکام ہوگئی ہے ۔ جب کہ اس علاقہ سے ریاستی وزیر زراعت ایکناتھ کھڈ سے نمائندگی کرتے ہیں ۔ اورنگ آباد میں مجالس مقامی اور نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن اور تھانے پالگڑھ ضلع پریشد انتخابات کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ مقامی لیڈروں کو انتخابی حکمت عملی طئے کرنے کا اختیار دیدیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی مہاتما گاندھی کی جنوبی آفریقہ سے واپسی کی صد سالہ تقاریب بھی منائی جائے گی جب کہ گاندھی جی 19 جنوری 1915 کو ممبئی پہنچے تھے ۔۔