مہاراشٹرا میں آج پہلی بی جے پی حکومت کا حلف

ممبئی۔ 30 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں دیویندر فرنویس کی زیرقیادت بی جے پی کی پہلی حکومت کل حلف لے گی۔ شیوسینا نے اس حلف برداری تقریب کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی سے امکانی اتحاد کے لئے مذاکرات کے انعقاد کے دعوے کے باوجود مسلسل تضحیک کی صورتِ حال سے بیزار ہوکر ادھو ٹھاکرے نے اس تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ شیوسینا رکن پارلیمنٹ ونائیک راوت نے کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی کا احساس ہے کہ بی جے پی نے انہیں ان کا مستحق مقام نہیں دیا ہے۔ اس لئے وہ حکومت میں شامل نہیں ہورہے ہیں۔ بی جے پی نے مسلسل ہماری توہین کی ہے۔ ایسے میں ہم حلف برداری تقریب میں کیوں شرکت کریں۔ شیوسینا کا یہ سخت موقف بی جے پی کے بیان کے بعد آیا کہ حکومت میں شیوسینا کے کسی بھی رکن اسمبلی کو شامل نہیں کیا جاسکتا ۔ پارٹی صدر ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد شیوسینا ایم پی نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بی جے پی ، شیوسینا کو نظرانداز کررہی ہے۔ بی جے پی جنرل سکریٹری راجیو پرتاپ روڈی نے کہا کہ کل کی حلف برداری میں شیوسینا کے کسی وزیر کو حلف نہیں دلایاجائے گا۔ تقریب حلف برداری کے مقام وانکھڈے اسٹیڈیم کے اطراف و اکناف سکیوریٹی کا جال بچھا دیا گیا ہے جہاں زائد از 2500 سکیوریٹی پرسونل کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر ٹریفک کے پرسکون بہاؤ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔پولیس نے کہا کہ یہ اسٹیڈیم جہاں پہلی مرتبہ کھلی فضاء میں حلف برداری تقریب ہورہی ہے،اسے نو فلائی زون قرار دیا گیا ہے۔